عید قربان ، جیلوں میں بند قیدیوں کو عید کے کپڑے اور سامان پہنچانے کیلئے ورثاء کا تانتا بندھا رہا

عید قربان ، جیلوں میں بند قیدیوں کو عید کے کپڑے اور سامان پہنچانے کیلئے ورثاء ...

 لاہور( یونس باٹھ) عید ا لضحیٰ کے سلسلے میں پنجاب بھر بالخصوص لا ہور کی دونوں جیلوں میں قیدیوں کے لواحقین اور ورثاء جن میں خواتین اور معصوم بچے بھی شامل تھے، کا عیدکے کپڑے او رسامان پہنچانے کے لیے تانتا بندھا رہا، اس دوران کئی رقت آمیز منا ظر بھی دیکھنے کو ملے جیل کے گیٹوں پر تعینات بعض اہلکار’’عیدی ‘‘ وصول کرکے ملاقاتیں اور سامان اندر پہنچانے کی ذمہ داریاں نبھاتے رہے ، بے گناہ قیدی اپنے بیوی بچوں کو دیکھ کرسلاخوں کے پیچھے آنسو بہاتے رہے ،اہل خانہ کے ہمراہ عید کی خوشیاں منانے کے لیے جوڈیشل احکامات پر درجنوں جبکہ جرمانے کی ادائیگی کے ذریعے چند ایک قیدی رہائی حاصل کرسکے ۔ روزنامہ ’’پاکستان‘‘ کی ٹیم کو کیمپ جیل لاہور میں انسپکشن کے دوران جیل میں بند قیدیوں کے دور دراز سے آئے ورثاء اور رشتے داروں نے بتایا کہ وہ صبح سے جیل کے مین گیٹ کے باہر بیٹھے ہیں جبکہ گیٹ پر تعینات اہلکار انہیں اندر جانے کی اجازت نہیں دے رہے صرف ان افراد کو اندر جانے دیا جارہا ہے جو جیل اہلکاروں کی مٹھیاں گرم کرتے ہیں یا جن کے پاس سفارشی چٹیں موجود ہیں ۔ نازیہ نامی خاتون جس کی معصوم بچی بھی اس کے ہمراہ تھی نے بتایا کہ وہ اپنے شوہر سے ملاقات کے لیے صبح سے خوار ہورہی ہے بڑی مشکل سے ہال میں جانے کی اجازت ملنے کے بعد اس کی ابھی تک ملاقات نہیں ہوسکی ، اس نے بتایا کہ اسے کبھی کسی اہلکار کے پاس بھیج دیا جاتا ہے اور کبھی کسی جیل وارڈن کو ملنے کو کہا جارہا ہے اس بھاگم دوڑ میں اب وہ ملاقات کا ارادہ ترک کرکے واپس گھر جانے کا سوچ رہی ہے ۔ یوسف نامی شخص نے بتایا کہ وہ جیل میں قید بھائی کو عید کے کپڑے دینے کے لیے شیخوپورہ سے آیا ہے اہلکار سامان اندر پہنچانے کے عوض اس سے اپنی عیدی مانگ رہے ہیں ، قتل کیس میں ملوث عبدالمنان نامی قیدی کے رشتے دار محمد جاوید نے بتایا کہ وہ ہر ہفتے ملاقات کے لیے آتا ہے جس کی وجہ سے اس کی جیل کے اہلکاروں سے جان پہچان ہوگئی ہے ،پہلے وہ گیٹ پر کھڑے اہلکاروں کو دو سو روپے دیتا تھا اب سو روپے دے کر کام چلا لیتا ہے ۔ ہال میں ڈیوٹی پر تعینات اہلکارنے بتایا کہ ملاقاتی قطار میں لگنے کے بعد اپنی باری سے اندر جاتے ہیں جس کے دوران ان کی مکمل چیکنگ کی جاتی ہے ،کھانے پینے کا سامان بھی چیک کیاجاتا ہے۔جیل انتظامیہ کے مطابق ہر سال کی طرح ا س سال بھی عید الضحی کے موقع پر کیمپ جیل میں بند معمولی نوعیت کے جرم میں قید درجنوں قیدیوں کو عدالتی احکاما ت کے نتیجے میں آزاد کیا گیا جبکہ چند ایک قیدیوں کو جرمانہ ادا کرنے کی صورت میں رہا کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے بیوی بچوں کے ساتھ عید کی خوشیاں منا سکیں ۔

مزید : علاقائی