16رکنی وفاقی کابینہ اور وزیراعلیٰ پنجاب نے حلف اُٹھالیا

16رکنی وفاقی کابینہ اور وزیراعلیٰ پنجاب نے حلف اُٹھالیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان کی 16 رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھالیا جبکہ کابینہ ڈویژن کی جانب سے 5 مشیروں کا بھی نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ایوان صدر میں صدر مملکت ممنون حسین نے 16 رکنی کابینہ سے حلف لیا، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان بھی موجود تھے۔حلف لینے والوں میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، پرویز خٹک، شیریں مزاری، فروغ نسیم، خالد مقبول صدیقی، شیخ رشید، زبیدہ جلال، فواد چوہدری، غلام سرور خان ، طارق بشیر چیمہ، فہمیدہ مرزا، شفقت محمود، عامر کیانی، مولانا نور الحق قادری اور خسرو بختیار شامل تھے۔کابینہ ڈویژن نے وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں شامل وزرا کے قلمدانوں کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جس کے مطابق فروغ نسیم وزارت قانون و انصاف، اسد عمر وزیر خزانہ، پرویز خٹک وزیر دفاع، شاہ محمود قریشی وزیر خارجہ ، شیخ رشید احمد وزیر ریلوے ، فواد چوہدری وزیر اطلاعات اور غلام سرور خان وزارت پیٹرولیم ڈویژن کے وزیر ہیں۔اسی طرح طارق بشیر چیمہ کو وزارت ریاستی سرحدی امور (سیفران) ، نورالحق قادری کو وزارت مذہبی امور و ہم آہنگی، خالد مقبول صدیقی کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونی کیشن، شفقت محمود کو فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ و نیشنل ہسٹری، زبیدہ جلال کو وزارت دفاعی پیداوار، شیریں مزاری کو انسانی حقوق، خسرو بختیار کو پلاننگ اینڈ ریفارمز اور عامر محمود کیانی کو نیشنل ہیلتھ سروسز کا قلمدان دیا گیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں 5 مشیر بھی شامل ہیں جن کا کابینہ ڈویڑن کی جانب سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔مشیروں میں محمد شہزاد ارباب کو اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن، عبدالرزاق داؤد کامرس، ٹیکسٹائل، صنعت، پیداوار اور سرمایہ کاری، ڈاکٹر عشرت حسین ادارہ جاتی اصلاحات و کفایت شعاری، امین اسلم کو موسمیاتی تبدیلی، اور بابر اعوان کو پارلیمانی امور کا مشیر لگایا گیا ہے۔وزیرخزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ابھی تو پہلے مرحلے میں وزرا نے حلف اٹھائے ہیں، کابینہ میں مزید وزارتیں شامل ہوں گی،کئی اہم وزارتیں ابھی باقی ہیں،چند روز میں مزید وزرا حلف اٹھائیں گے،حلف اٹھا نے کے بعد وزیر خزا نہ نے میڈ یا سے گفتگو کر تے ہو ئے کہا کہ کابینہ میں مزید توسیع ہوگی،کئی اہم وزارتیں ابھی باقی ہیں،چند روز میں مزید وزرا حلف اٹھائیں گے، پا کستان کی معا شی و اقتصا دی صو رت حا ل کو بہتر بنا یا جا ئے گا جس کے لیئے اہم اقدا مات کر نا ہو ں گے۔

وفاقی کابینہ

لاہور(جنر ل رپورٹر،نمائندہ خصوصی )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے گورنر ہاؤس میں وزارت اعلیٰ کا حلف اٹھایا، قائم مقام گورنر پنجاب پرویز الٰہی نے سردار عثمان احمد خان بزدار سے وزارت اعلیٰ کا حلف لیا۔چیف سیکرٹری پنجاب اکبر حسین دُرانی نے تقرری سے متعلقہ نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا۔ حلف برداری کی اس سادہ اور پروقار تقریب میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب پروفیسر ڈاکٹر حسن عسکری رضوی، قائمقام سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری، سینیٹر چوہدری محمد سرور،ممبران نگران صوبائی کابینہ، اراکین صوبائی اسمبلی، جی او سی 10ڈیو میجر جنرل محمد عامر، ایئر وائس مارشل عرفان احمد، سٹیشن کمانڈر نیوی کمانڈر ڈاکٹر ایس ایم شہزاد، انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب امام کلیم اور دیگر عمائدین کی کثیر تعداد تقریب میں موجود تھی۔ قائم مقام گورنر پرویز الٰہی ،سابق نگران وزیراعلی ڈاکٹرحسن عسکری اوردیگر مہمانوں نے سردا ر عثمان بزدار کو وزارت اعلیٰ کا حلف لینے پر مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان احمد خان بزدار نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزداروزارت اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد گورنر ہاؤس سے وزیراعلیٰ آفس پہنچے تو انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارنے وزیراعلیٰ آفس کے افسروں اور عملے سے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ نے افسروں اور عملے سے فرداً فرداً ہاتھ ملایا۔انہوں نے کہاکہ اپنے قائد وزیراعظم عمران خان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سادگی اختیار کریں گے۔ قوم کا پیسہ قوم پر ہی خرچ ہوگااور سرکاری وسائل کو امانت سمجھ کر دیانتداری سے خرچ کریں گے۔ دریں اثناء وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہاہے کہ وہ عمران خان کے سپاہی ہیں اور صوبے کو عمران خان کے ویژن کے مطابق چلائیں گے۔عمران خان کے 100دن کے ایجنڈے پر عملدرآمد کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ تبدیلی سب کو نظر آئے گی۔کبھی کوئی غلط کام کیا نہ کسی کو کرنے دوں گا۔اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے۔تمام فیصلے مشاورت اور اتفاق رائے سے کئے جائیں گے۔صوبے میں غیر ضروری اخراجات کو کم کیا جائے گا۔ہر سطح پر سادگی اور کفایت شعاری کو فروغ دیں گے۔انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے وزارت اعلیٰ کا عہدہ عوام کی حقیقی خدمت کیلئے وقف رہے گا۔میں عوام میں سے ہوں اور مجھے ان کے دکھ درد اور مسائل کا پورا احساس ہے اور میرا پل پل عوام کے مسائل کے حل کیلئے صرف ہوگا۔

مزید : صفحہ اول