گستاخانہ خاکوں پو ہالینڈ کے ناظم الامور دفتر خارجہ طلب ، پاکستان کا شدید احتجاج

گستاخانہ خاکوں پو ہالینڈ کے ناظم الامور دفتر خارجہ طلب ، پاکستان کا شدید ...

 اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر پاکستان نے ہالینڈ کے ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا، اسلامی شعائر کی تضحیک ناقابل برداشت اور قابل مذمت ہے،ڈاکٹر فیصل،شیریں مزاری نے ہالینڈ کی جانب سے منتازعہ خاکوں کے مقابلوں کو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قراردے دیا۔تفصیلات کے مطابقہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر پاکستان نے ہالینڈ کے ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کرانے پر شدید احتجاج کیا گیا اور ہالینڈ کے ناظم الامور کو طلب کرکے اسلام کو بدنام کرنے کی دانستہ کوشش پر پاکستان کی گہری تشویش سے آگاہ کیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھی اس حوالے سے شدید مذمت کی گئی۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گستاخانہ خاکوں کے معاملے کی شدید مذمت کی گئی۔ دی ہیگ میں موجود پاکستان کے سفیر کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ او آئی سی کے رکن ممالک کے سفیروں کے ساتھ مل کر ڈچ حکومت کے سامنے بھرپور طریقے سے یہ معاملہ اٹھائیں۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کو بھی ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ یہ معاملہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق اور دیگر متعلقہ فورمز پر اٹھائیں۔دفتر خارجہ کے مطابق او آئی سی کے کونسل آف فارن منسٹرز کے آئندہ اجلاس میں بھی اس معاملے پر بحث کی جائے گی جو ستمبر میں ہونے والی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران منعقد ہوگی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے اور اجلاس میں یہ معاملہ اٹھائیں گے۔دفتر خارجہ کے مطابق حکومت پاکستان اس معاملے پر ڈچ حکومت کے ساتھ پرزور طریقے سے بات چیت جاری رکھے گی اور ایسے عمل کی روک تھام کے لیے متعلقہ بین الاقوامی فورم پر اٹھایا جائے گا۔علاوہ ازیں ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ اسلامی شعائر کی تضحیک پر پاکستان نے ہالینڈ کی حکومت سے اظہار تشویش کیا اور وزارت خارجہ نے ہالینڈ کے ناظم الامور کو وفاقی کابینہ کے احتجاج اور فیصلے سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ وفاقی کابینہ کے فیصلے کی ہدایت کی روشنی میں وزارت خارجہ نے ہالینڈ میں تعینات پاکستانی سفیر کو حکومت اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سفرا کے ساتھ معاملہ اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ نومنتخب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سیکریٹری جنرل او آئی سی کو اس حوالے سے خط بھی لکھا، جبکہ معاملہ اقوام متحدہ سربراہ اجلاس اور او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں بھی زیر بحث لایا جائے گا۔ دریں اثنانومنتخب وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری ہالینڈ کی جانب سے منتازعہ خاکوں کے مقابلوں کو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قراردے دیا۔ ڈاکٹر شیرین مزاری کا کہناتھا کہ ہالینڈ کے پارلیمنٹرین کی جانب سے متنازعہ خاکوں کی نمائش کروانا یورپین کنونیشن کے آرٹیکل 10کی خلا ف وزری ہے۔ وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق کا کہنا ہے کہ ہالینڈ کے علاوہ دیگر یورپی ممالک کو آزادی رائے کے اس قانون کے تحت مذمت کرنا چاہیے۔

طلبی،احتجاج

مزید : صفحہ اول