الیکشن کمیشن کا نادرا کو ووٹنگ کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی رجسٹریشن کا حکم
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی)الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات میں ووٹنگ کیلئے نادرا کو اوورسیز پاکستانیوں کی رجسٹریشن کی ہدایت دے دی۔الیکشن کمیشن آفس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کے زیرصدارت ضمنی انتخابات میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ووٹنگ پر اجلاس ہوا جس میں نادرا حکام نے بھی شرکت کی۔الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق نادرا کو تمام اوورسیز پاکستانیوں کی رجسٹریشن کی ہدایت دے دی گئی جو یکم تا 15 ستمبر تک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جس کے تحت تمام سمندر پار پاکستانی جن کے پاس سی این آئی سی اوورسیز پاکستانیز(نائیکوپ) یا ایم آر پی موجود ہو وہ اپنے آپ کو بطور ووٹر رجسٹر کرواسکیں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی پلاننگ کرلی گئی ہے، رجسٹرڈ ہونے والے ووٹرز اکتوبر کے ضمنی انتخابات میں ووٹ ڈال سکیں گے۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں آنے والے ضمنی انتخابات میں تمام بیرون ممالک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے کی گئی منصوبہ بندی کو حتمی شکل دی گئی اور نادرا کو تمام ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ منسٹری آف فارن افیئرز، نادرا اور بیرون ملک سفارت خانے کی مدد سے سمندر پار پاکستانیوں کیلئے ووٹر آگاہی مہم کا بھی آغاز کیا جائے گا تا کہ زیادہ سے زیادہ سمندر پار پاکستانی خود کو بطور ووٹر رجسٹر کرواسکیں۔