مشرف کی عدم گرفتاری ، سیکریٹری داخلہ طلب

مشرف کی عدم گرفتاری ، سیکریٹری داخلہ طلب

اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک ) خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود سابق صدر پرویز مشرف کی عدم گرفتاری پر سیکرٹری داخلہ کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔اسلام آباد کی خصوصی عدالت کے سربراہ جسٹس یاور علی اور جسٹس نذر محمد نے سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کی۔عدالت نے کہا کہ پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے، باوجود ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ملزم کوعدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔اس پر پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ نے مؤقف اپنایا کہ ان کے مؤکل ٹرائل میں پیش ہونا چاہتے ہیں، سیکیورٹی فراہم کی جائے۔عدالت نے سابق صدر کی عدم گرفتاری پر سیکریٹری داخلہ کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے سماعت 29 اگست تک ملتوی کردی۔عدالت نے حکم دیا کہ پرویز مشرف کے342 کے بیان سے متعلق سماعت آئندہ تاریخ پر ہوگی۔

مزید : صفحہ اول