بابر اعوان کا اپنے تمام صوابدیدی اختیارات ختم کرنے کا اعلان
اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے اپنے تمام صوابدیدی اختیارات ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کفایت شعاری ہماری حکومت کا مرکزی شعار ہو گا۔پیر کو وزارت پارلیمانی امور پہنچنے پر سیکرٹری پارلیمانی امور طاہر رضا نقوی اور وزارت کے دیگر افسران اور عملے نے وزیراعظم کے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کا خیر مقدم کیا۔ سیکرٹری پارلیمانی امور نے مشیر پارلیمانی امور کو وزارت کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزارت پارلیمانی امور کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد وزارت کے عملے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ نے ایک مرتبہ پھر سات سال بعد عوام کی خدمت کا موقع دیا ہے، اب ایک بدلا ہوا دور ہے ٗمجھے توقع ہے کہ میرے ساتھ جو ٹیم ہو گی وہ اس دور کے تقاضوں کے مطابق خود کو ڈھالے گی۔ انہوں نے کہا کہ بہتر ہے کہ ہم خود کو بدل لیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وزارت پارلیمانی امور میں میرے جو صوابدیدی اختیارات ہیں وہ میں ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا۔
بابر اعوان