پنجاب کی بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا امکان

پنجاب کی بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا امکان

لاہور( این این آئی)پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت بننے کے بعد بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا امکان ہے ، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب سمیت دیگر اہم عہدوں پر تعیناتی کیلئے اچھی شہرت کے حامل افسران کے ناموں پر غور شروع کر دیا گیا ۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں کابینہ کی تشکیل کے بعد اگلے مرحلے میں پنجاب کی بیورو کریسی میں تبدیلی اور تعیناتی شروع کردی جائے گی ۔اس حوالے سے نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں ان معاملات کو حتمی شکل دئیے جانے کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کے عہدے کیلئے میجر (ر) اعظم سلیمان، احمد نواز سکھیرا اور یوسف نسیم کھوکھر جبکہ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کے عہدے کیلئے عارف نواز خان ، اے ڈی جی خواجہ ، خالق داد لک اور ڈاکٹر سلمان کے ناموں پر غور شروع کر دیا گیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ ان عہدوں پر اکھاڑ پچھاڑ کے بعد اگلے مرحلے میں اہم محکموں کے سیکرٹریز ،کمشنر ز، ڈپٹی کمشنرزسمیت دیگر عہدوں پر تبدیلی بارے مشاورت کی جائے گی ۔

پنجاب بیوروکریسی

مزید : صفحہ آخر