سندھ میں پارٹی مینڈیٹ چوری کرنیکی کوشش جیالوں نے ناکام بنائی ،ناصر شاہ

سندھ میں پارٹی مینڈیٹ چوری کرنیکی کوشش جیالوں نے ناکام بنائی ،ناصر شاہ

کراچی (سٹاف رپورٹر) سابق صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ اور رکن سند ھ اسمبلی سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے پورے ملک کی طرح سندھ میں بھی پیپلز پارٹی کے مینڈیٹ کو مکمل طور پر چوری کرنے کی کوشش کی گئی لیکن پارٹی کے جیالوں نے ان کو ناکام کیا تاہم کچھ علاقوں میں ہمارے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا۔ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لیاری سے شکست کے باوجود پہلے اجلاس میں اعلان کیا ہے کہ لیاری سمیت کراچی کے جن جن علاقوں میں پانی کے مسائل ہیں وہاں ترجیحی طور پر ڈی سیلینیشن پلانٹ تنصیب کرکے وہاں عوام کو پا نی کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ پارٹی کے جو امیدوار انتخابات میں ناکام ہوئے ہیں وہ اپنے آپ کو اکیلا نہ سمجھیں بلکہ آنیوالے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کریں۔ کراچی سمیت پورے صوبے میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ گزشتہ کی طرح آئندہ بھی تیزی سے جاری رہے گا اور جن جن علاقوں میں پارٹی امیدوار کامیاب نہیں ہوئے وہاں پر انہی کے ذریعے کاموں کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا۔ لیاری میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور یہاں فٹ بال، باکسنگ اور سائیکلنگ کو فروغ دینے کیلئے انٹرنیشنل کوچنگ سینٹرز کے قیام کیلئے بھی تمام اقدامات کو بروئے کار لایا جائے گا تاکہ لیاری کے کھلاڑیوں کو دنیا بھر میں متعارف کرایا جاسکے۔ گزشتہ روز لیاری میں ککری گراؤنڈ میں منعقدہ شہید اکبر ناگوری ڈی ایف اے فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں بحیثیت مہمان خصوصی اور بعد ازاں کیماڑی میں حلقہ پی ایس 113 کے پیپلز پارٹی کے امیدوار ہمایوں خان کی جانب سے پیپلز پارٹی کے کامیاب امیدواروں اور سید مراد علی شاہ کے وزیر اعلیٰ سندھ منتخب ہونے کی خوشی میں کارکنوں کے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب میں انکا مزید کہنا تھا ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پیپلز پارٹی کے ملک بھر میں مینڈیٹ کو چوری کیا گیا ، جن جن حلقوں میں پارٹی کے کارکنوں اور عہدیداروں کوکچھ تحفظات ہیں اس کی مکمل رپورٹ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کو پیش کی جائے گی۔بلدیاتی انتخابات میں کسی خلائی مخلوق کو پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ چوری نہیں کرنے دیا جائے گا۔

ناصر شاہ

مزید : صفحہ آخر