کاؤنٹر ٹیررازم کی کارروائی، داعش کے دو دہشت گرد اسلحہ سمیت گرفتار

کاؤنٹر ٹیررازم کی کارروائی، داعش کے دو دہشت گرد اسلحہ سمیت گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر)کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) ملتان نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کاروائی کرتے ہوئے داعش کے دو خطرناک دہشت گردوں کو اسلحہ اوربارودی مواد سمیت اسٹیڈیم موڑ وہاڑی روڈ ملتان سے گرفتار کر کے عید کے موقع پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔ گرفتار دہشت گردوں میں وسیم الرحمن اور سمیع الرحمن شامل ہیں جن کے قبضے سے 2ہینڈ گرنیڈز اور دیگر اسلحہ کے ساتھ ساتھ24300 روپے برآمد ہوئے ۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق اہم ذرائع سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس نے کامیاب کاروائی کے بعد انتہائی خطرناک دہشت گردوں کو اسلحہ اور بارودی مواد سمیت گرفتار کیا۔ ان گرفتار دہشت گردوں سے کی گئی ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ دہشتگرد اہم تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے ۔ اس واقعہ کا مقدمہ پولیس اسٹیشن سی ٹی ڈی ملتان میں درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ آئی جی پنجاب کی جانب سے جاری خصوصی ہدایات پر سی ٹی ڈی روزانہ کی بنیادپر خصوصی چھاپے مار رہی ہے تاکہ تخریب کاری اور دہشت گردی کے ذریعے امن و امان خراب کرنے کے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا جا سکے ۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے خطرناک دہشت گرد وں کو گرفتار کرنے پر سی ٹی ڈی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کاروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے اورعید الاضحی کے موقع پرہائی الرٹ رہتے ہوئے پیشہ ورانہ ذمہ داریاں سر انجام دیں تاکہ سماج دشمن عناصر کی ہر کوشش کو ناکام بناتے ہوئے امن و امان کی فضا کو برقرار رکھا جاسکے ۔

دو دہشت گرد گرفتار

مزید : صفحہ آخر