بھارت کیرالا میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 350سے تجاوز کر گئی ہزاروں افراد بے یارومددگار

بھارت کیرالا میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 350سے تجاوز کر گئی ہزاروں افراد بے ...

نئی دہلی (این این آئی)بھارتی ریاست کیرالا میں مون سون بارشوں کے بعد سیلاب سے پھیلنے والی تباہی میں ہلاکتوں کی تعداد 350 سے تجاوز کرگئی ٗ ہزاروں افراد خوراک اور پانی کے بغیر بے یار و مددگار پڑے ہوئے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کیرالا میں سیلاب نے گاؤں کے گاؤں کو تہس نہس کر دیا ہے اور امدادی کارکنوں کی جانب سے ہلاکتوں میں خطرناک حد تک اضافے کا خدشہ ہے ٗریاست کے کئی گاؤں اور قصبے کٹ کر رہ گئے ہیں جہاں ہزاروں افراد پھنسے ہوئے ہیں ٗ مزید بارش کا امکان ہے جس کے باعث بحران سنگین ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ 20 سالہ متاثرہ نوجوان اندرجیت کمار کا کہنا تھا کہ وہ زندگی کے خوف ناک ترین لمحات تھے۔مقامی انتظامی عہدیدار نے بتایا کہ متاثرہ علاقے میں بجلی، خوراک اور پانی کچھ بھی نہیں ہے حالانکہ یہ سب کچھ ہمارے ارد گرد تھے۔انہوں نے کہاکہ ریاست میں 29 مئی سے شروع ہونے والی بارشوں سے تاحال ہلاکتوں کی تعداد 357 ہوگئی ہے جن میں سے 33 افراد گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلاک ہوئے ٗدوسری جانب امدادی کارکن متاثرہ علاقوں میں لاپتہ افراد کی تلاش اور دیگر متاثرین کو بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ریاست کے ایک قصبے مالا میں لاپتہ ہونے والے افراد کی تلاش میں مصروف اشرف علی نے کہاکہ جب پہلی مرتبہ وارننگ جاری کی گئی تھی تو ہم سمجھ رہے تھے کہ پانی 10 سے 15 فٹ سے زیادہ اونچائی میں نہیں جائیگا۔انہوں نے کہاکہ جب پانی کی مقدار تیزی سے بڑھنے لگی تو بعض لوگوں نے خوف کے مارے ہمیں بلایا۔فوج کا کہنا تھا کہ ایک روز میں پٹھانم ٹھیٹا سے 250 افراد کو نکالا گیا ہے جن میں سے اکثر بارشوں کے باعث بیمار پڑگئے ہیں ٗدور دراز اور پسماندہ علاقوں میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے خوراک، دوائیاں اور پانی پہنچایاگیا ٗکیرالا کے متاثرہ علاقوں میں ریلوں کے ذریعے پانی اور خوراک کو پہنچنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں تاہم ان علاقوں کی جانب جانے والے تمام راستے ڈوب گئے ہیں ٗ134 پلوں کو نقصان پہنچا ہے جس کے باعث دور دراز علاقے سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق قصبہ منار کا رابطہ کٹ گیا ۔

مزید : عالمی منظر