عمران نے نئے پاکستان کیلئے مشرف کی ٹیم مستعار لی ،احسن اقبال

عمران نے نئے پاکستان کیلئے مشرف کی ٹیم مستعار لی ،احسن اقبال

اسلام آباد(آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کو معلوم نہیں ہے کہ کون سے اختیارات ان کے پاس ہیں اور کون سے صوبوں کو منتقل ہو گئے ہیں۔ نو منتخب وزیراعظم کو ایک بلدیاتی ادارہ چلانے کا بھی تجربہ نہیں ہے۔ عمران خان نے نئے پاکستان کے مشن کی تکمیل کے لئے جنرل (ر) پرویز مشرف کی قدیم ٹیم مستعار لی ہے ۔ انہوں نے اپنی تقریر میں سی پیک منصوبے کا ذکر تک نہیں کیا۔ پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو معلوم نہیں ہے کہ کون سے اختیارات ان کے پاس ہیں اور کون سے اختیارات صوبے کے پاس ہیں۔ 18ویں ترمیم کے بعد بہت سے اختیارات صوبوں کو منتقل ہو گئے ہیں۔ اس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ نو منتخب حکومت ناتجربہ کار ہے ۔ ہمارے نو منتخب وزیراعظم کے پاس ایک بلدیاتی ادارے کو چلانے کا بھی تجربہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے سی پیک سے منسلک ہے مگر عمران خان نے اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔ آج قوم کو سی پیک کے قرضے کے بوجھ سے ڈرایا جا رہا ہے۔ یہ چین کا پاکستان کے لئے تحفہ ہے ۔ ہمیں 2.5فیصد کے تناسب سے 25سال کے عرصہ کے لئے قرض دیا گیا ہے۔عمران خان نے اپنی تقریر میں سی پیک منصوبے کا ذکر تک نہیں کیا۔ ان کی تقریر وزیراعلیٰ کی تقریر لگ رہی تھی۔

احسن اقبال

مزید : صفحہ آخر