سابق حکمرانوں نے ملک کو بیدردی سے لوٹا،شہریارریاض
راولپنڈی(سٹی رپورٹر) پی ٹی آئی کے ضلعی صدر شہریار ریاض نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے پہلے خطاب میں ملکی ترقی کیلئے جس عزم و ولولے کا اظہار کیا ہے وہ انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز ثابت ہوگا، عمران خان نے اپنے خطاب میں قوم کے امنگوں کی ترجمانی کی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر شہریارریاض کا مزید کہنا تھا کہ سابقہ حکمران سادگی اور کفایت شعاری کی آڑ میں ملکی خزانے کو بیدردی سے لوٹتے رہے لیکن اب اس روایت کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن کردینگے،انشا اللہ 100روزہ پروگرام پر عملدرآمد سے ہی ملک کی سمت کا تعین ہو جائے گا اور ملک ترقی کیلئے ٹیک آف کی پوزیشن میں ہوگا ۔ پی ٹی آئی کے دور میں پاکستان ایشیاء کاٹائیگر بنے گا بلکہ اس کا شمار دنیا کی مضبوط معیشتوں میں ہوگا۔ پوری قوم ملک کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے وزیراعظم عمران خان کے شانہ بشانہ ہے اور انہیں ہر طرح کی سپورٹ دینے کیلئے تیار ہے ۔ اورسیز پاکستانی ہمیشہ ملک کے ساتھ کھڑے رہے ہیں لیکن آج تک حکومتی سطح پر ان کے لیے سنجیدہ پالیسی سازی نہیں کی گئی۔ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو ملک کی ترقی کے سفر میں شامل کرنے کیلئے پالیسی وضع کرے گی۔