حکومت گستاخانہ خاکوں کے معاملے کا نوٹس لے، حاجی گلزار اعوان

حکومت گستاخانہ خاکوں کے معاملے کا نوٹس لے، حاجی گلزار اعوان

راولپنڈی(سٹی رپورٹر) پا کستان پیپلز پارٹی راولپنڈی ڈویژن کے نائب صدر حاجی محمد گلزار اعوان نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گستاخانہ خاکوں کے معاملے کا نوٹس لے اور ہالینڈ کی حکومت سے سرکاری طور پر رابطہ کرکے مسلم امہ کے مذہبی جذبات سے چھیڑ خانی کو فوری طور پر رکوائے . ہالینڈ کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے انہیں تنبیہ کی جائے کہ وہ اپنے ملک میں ایسے واقعات کو کنٹرول کرنے کیلئے اپنی حکومت کو مشورہ دیں . انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہالینڈ نے مسلمانوں کے جذبات کا احترام نہ کیا تو ہم ہالینڈ کی تمام مصنوعات کا بائیکاٹ کر دیں گے . انہوں نے ان خیالات کا اظہار راولپنڈی کینٹ میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف منعقدہ ایک احتجاجی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا . اس موقع پر قاری رفیق اور دیگر نے بھی خطاب کیا . مقررین نے کہا کہ دنیا میں غالب آبادی رکھنے والی امت مسلمہ لیڈر شپ سے محروم ہے ورنہ کسی کو جرات نہ ہوتی کہ وہ گستاخانہ خاکے بناتا . یہ وہ دہشت گردی ہے جس پر زیادہ سخت قانون اور سزائیں ہونی چائییں مگر نام نہاد جمہوریتوں اور انسانی حقوق کے علمبرداروں نے اپنے شرارتی لوگوں کو بے لگام چھوڑا ہوا ہے . انہو ں نے کہا کہ ایسی دہشت گردی کا کوئی نوٹس نہ لینے والوں کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ دنیا میں دہشت گردی کا واویلا کریں .

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر