مینڈیٹ چوری کرنے کی کوشش جیالوں نے ناکام بنادی،ناصر شاہ

مینڈیٹ چوری کرنے کی کوشش جیالوں نے ناکام بنادی،ناصر شاہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ اور رکن سند ھ اسمبلی سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پورے ملک کی طرح سندھ میں بھی پیپلز پارٹی کے مینڈیٹ کو مکمل طور پر چوری کرنے کی کوشش کی گئی لیکن پارٹی کے جیالوں نے ان کو ناکام کیا لیکن کچھ علاقوں میں ہمارے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا۔ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لیاری سے شکست کے باوجود پہلے اجلاس میں اعلان کیا ہے کہ لیاری سمیت کراچی کے جن جن علاقوں میں پانی کے مسائل ہیں وہاں ترجیعی طور پر ڈی سیلینیشن پلانٹ تنصیب کرکے وہاں عوام کو پانی کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ پارٹی کے جو امیدوار انتخابات میں ناکام ہوئے ہیں وہ اپنے آپ کو اکیلا نہ سمجھیں بلکہ آنے والے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کریں۔ کراچی سمیت پورے صوبے میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ گذشتہ کی طرح آئندہ بھی تیزی سے جاری رہے گا اور جن جن علاقوں میں پارٹی امیدوار کامیاب نہیں ہوئے وہاں پر انہی کے ذریعے کاموں کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا۔ لیاری میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور یہاں فٹبال، باکسنگ اور سائیکلنگ کو فروغ دینے کے لئے انٹرنیشنل کوچنگ سینٹرز کے قیام کے لئے بھی تمام اقدامات کو بروئے کار لایا جائے گا تاکہ لیاری کے کھلاڑیوں کو دنیا بھر میں متعارف کرایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لیاری میں ککری گراؤنڈ میں منعقدہ شہید اکبر ناگوری ڈی ایف اے فٹبال ٹورنامنٹ 2018 کے فائنل میچ میں بحثیت مہمان خصوصی اور بعد ازاں کیماڑی میں حلقہ پی ایس 113 کے پیپلز پارٹی کے امیدوار ہمایوں خان کی جانب سے پیپلز پارٹی کے کامیاب امیدواروں اور سید مراد علی شاہ کے وزیر اعلیٰ سندھ منتخب ہونے کی خوشی میں کارکنوں کے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ میں شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق رکن سندھ اسمبلی جاوید ناگوری، پیپلز پارٹی کے منتخب رکن سندھ اسمبلی لیاقت آسکانی، پیپلز پارٹی کے رہنماء راشد حسین ربانی، ہمایوں خان، پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے خلیل ہوت، سنئیر مزدور رہنما اسلم سموں، ڈی ایف اے ٹورنامنٹ کے سرپرست اعلیٰ ناصر کریم، صدر جمیل ہوت، ڈسٹرکٹ ویسٹ کے پیپلز پارٹی کے رہنماء علی احمد جان، آصف خان، عبدالجبار میمن سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ککری گراؤنڈ میں ایشیاء کے طویل ترین فٹبال ٹورنامنٹ جو کہ 200 روز تک جاری رہا اور اس میں 528 میچز لیاری کے 4 گراؤنڈ میں منعقد ہوئے اور بالآخر اس کے فائنل میں دوٹیموں حیدری بلوچ فٹبال کلب اور موسیٰ لاشاری فٹبال کلب کے مابین فائنل میچ کے اختتام کے موقع پر تقسیم انعامات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انتخابات کے بعد منتخب نمائندوں کے پہلے اجلاس میں ہی اس بات کی سختی سے ہدایات جاری کردی ہیں کہ لیاری سمیت کراچی کے جن جن علاقوں میں پانی کی شکایات ہیں اس کا ازالہ کیا جائے اور کے فور منصوبے کے مکمل ہونے کے انتظار کی بجائے فوری طور پر لیاری اور ڈسٹرکٹ ویسٹ میں ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تنصیب کے کاموں کا آغاز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پیپلز پارٹی کے ملک بھر میں مینڈیٹ کو چوری کیا گیا اور سندھ میں بھی اس کی بھرپور کوشش کی گئی تاہم ہمارے جیالوں نے ان کی اس سازش کو سندھ میں کامیاب نہیں ہونے دیا تاہم اس کے باوجود کراچی اور سندھ میں کئی نشستوں پر ہمارے کامیاب امیدواروں کو ہرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جو امیدوار ناکام کروائے گئے وہ لاوارث نہیں ہیں اور پیپلز پارٹی ان کو اسی قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے اور سندھ بھر میں گذشتہ دور میں جو ترقیاتی کاموں کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا اس کو دوبارہ اس سے زیادہ تیزی سے شروع کیا جارہا ہے اور انہی جیالوں کے ذریعے ان علاقوں میں کام کروائیں جائیں گے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ میں سلام پیش کرتا ہوں ہماری پارٹی کے نوجوان چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو جنہوں نے لیاری کے نتائج کے باوجود اس بات کا برملا اعلان کیا ہے کہ لیاری میرا ہے اور میں لیاری والوں کا ہوں اور لیاری میں جہاں ترقیاتی کاموں بالخصوص پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا بلکہ یہاں کھیلوں جن میں فٹبال، باکسنگ اور سائیکلنگ کو فروغ دینے کے لئے بین القوامی طرز کی اکیڈمیوں کا قیام بھی کیا جائے گا۔