عید پر پردیسیوں کی واپسی ‘ ریلوے سٹیشن ‘ بس اڈوں پر رش ‘ ٹرانسپورٹرز کی لوٹ مار

عید پر پردیسیوں کی واپسی ‘ ریلوے سٹیشن ‘ بس اڈوں پر رش ‘ ٹرانسپورٹرز کی لوٹ ...

ملتان(سپیشل رپورٹر ) عیدالاضحی کی آمد کے ساتھ ہی پردیسیوں کا گھرں کو(بقیہ نمبر23صفحہ12پر )

واپسی کا سلسلہ تیز ہوگیا ‘ ملتان کے سرکاری ‘ پرائیویٹ اسٹینڈز پر ہزاروں مسافروں کا رش ‘ ٹرانسپورٹرز من مانے کرائے وصول کرنے لگے ہیں ۔ عیدالاضحی کی آمد پر لوگوں کا اپنے گھروں کی طرف واپسی کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس سلسلے میں لاری اڈا بس سٹینڈ ‘ فیصل موروز ‘ ڈائیو ‘ ڈیرہ اڈاپر پرائیویٹ سی اور ڈی کلاس اسٹینڈ پر مختلف شہروں کو جانیوالی بسوں میں رش کے باعث اسٹینڈ پر شدید لڑائی جھگڑے ہوتے رہے ۔ ہزاروں مسافر گاڑیوں میں سیٹیں اور ٹکٹ نہ ملنے پر پریشان نظر آئے اور گاڑیوں کا کئی کئی گھنٹے تک کھڑے ہوکر انتظار کرتے رہے ۔ عید کی تعطیلات شروع ہونے کے باعث ٹرانسپورٹرز کی چاندی ہوگئی اور ٹرانسپورٹرز مسافروں سے منزل مقصود تک پہنچانے کے اپنی مرضی کے کرائے وصول کر رہے ہیں ۔ آج بھی پردیسیوں کی جانب سے اپنے گھروں میں واپسی کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ جبکہ عید تعطیلات آج سے شروع ہوگئی ہیں‘ گزشتہ روز بھی آر ٹی او ملتان‘ کسٹم کلکٹریٹ‘ ریلوے‘ میپکو سمیت دیگر سرکاری دفاتر میں افسران و ملازمین کی حاضری انتہائی کم رہی جس کی وجہ سے سائلین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا دیگر شہروں سے آئے ملازمین جمعہ کو چھٹی لے کر گھروں کو روانہ ہوگئے تھے اور اب ایک ہفتہ چھٹی کے بعد پیر کو ڈیوٹی پر واپس آئیں گے۔ اس کے علاوہ پاکستان ریلوے کی تیسری عید سپیشل ٹرین کراچی کینٹ سے دن گیارہ بجے روانہ ہوئی جو حیدر آباد ،روہڑی ،خان پور ،ملتا ن کینٹ او ر سانگلہ ہل کے راستے آج شام سات بجکر 15منٹ پرلاہور پہنچے گی،جبکہ چوتھی ٹرین آج 21اگست کو راولپنڈی سے صبح سات بجے روانہ ہوکر حسن ابدال ،بوسال ، جنڈ، میانوالی ، دریاخان اور مظفر گڑھ سے ہوتی ہوئی کل رات 10بجے ملتان کینٹ پہنچے گی۔ پانچویں سپیشل ٹرین 26اگست کو ملتان کینٹ سے صبح سات بجے روانہ ہوکر مظفر گڑھ، لیہ ، کْندیاں ، میانوالی ، اٹک سٹی اور حسن ابدال کے راستے اگلے روز رات 10بجے راولپنڈی پہنچے گی۔تاہم عید سپیشل ٹرینوں کے باوجود دیگر ٹرینوں پر بھی انتہائی رش دیکھنے میں آیا،دوسری طرف بس اڈوں پر رش کے باعث ٹرانسپوٹروں نے من مانی کرتے ہوئے مسافروں سے مہنگے ٹکٹ سے لوٹ مار کا سلسلہ جاری رکھا،اس کے علاوہ مسافروں سے بد تمیزی بھی معمول بنی رہی،متعدد جگہوں پر لڑائی جھگڑے کے واقعات بھی رونما ہوئے ۔

مزید : ملتان صفحہ آخر