ریجنل ٹیکس آفس ملتان میں آتشزدگی ‘ آن لائن سسٹم بدستور معطل‘ کام ٹھپ
ملتان( نیوز رپورٹر ) ریجنل ٹیکس آفس آر ٹی او ملتان میں آتشزدگی کے باعث آن لائن نظام اور ائیر کنڈیشنڈ سسٹم مکمل طور پر معطل ہو کر رہ گیا ہے جس کیوجہ سے آر ٹی او آفس کے معمولات اور ٹیکس دہندگان کے معاملات عملاً ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں ۔ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ساڑھے دس (بقیہ نمبر46صفحہ7پر )
بجے کے قریب آر ٹی او ملتان کے آن لائن نظام ’پرال ‘ کیلئے مختص کمرے میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی ۔ تاہم فائر بریگیڈ اور ریسکیو1122 کی بروقت کاروائی سے آگ پر قابو پالیا گیا ‘ جس سے آر ٹی او آفس میں موجود ٹیکس دہندگان کا ریکارڈ تو محفوظ رہا لیکن آن لائن اور ائیرکنڈیشنڈ نظام کی کیبلز کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کے بارے کہا جا رہا ہے کہ آن لائن نظام کو بحال کرنے میں دو سے تین دن لگ سکتے ہیں ۔ دریں اثناء آر ٹی او آفس میں ائیر کنڈیشنڈ سسٹم معطل ہونے کیوجہ سے افسران کی حاضری بھی قدرے کم رہی ہے ۔