حنیف عباسی کی انجیوپلاسٹی، دل کی بند شریان کھول دی گئی
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن) ایفیڈرین کیس میں سزا یافتہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی آر آئی سی ہسپتال میں انجیوپلاسٹی مکمل کرلی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حنیف عباسی کے دل کے 2 والو میں بلاکیج تھی جبکہ دل کا دوسرا والو 40 فیصد بلاک ہے۔
حنیف عباسی کی انجیوپلاسٹی کے دوران 1 اسٹنٹ بھی ڈال دیا گیا ہے اور دل کی بند ایک شریان کھول دی گئی ہے۔ میجر جنرل ڈاکٹر اظہر کیانی نے تمام عمل خود مکمل کرایا۔
ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ حنیف عباسی کی صحت بتدریج بہتر ہورہی ہے۔ حنیف عباسی کو لیب سے وی آئی پی وارڈ منتقل کردیا گیا ہے جبکہ وی آئی پی وارڈ کو انتظامیہ نے سب جیل قرار دے کر سیکورٹی عملہ تعینات کردیا ہے۔
گزشتہ روز حنیف عباسی کی طبیعت بگڑ گئی تھی اور انہیں دل کی شدید تکلیف کا سامنا تھا۔ اڈیالہ جیل حکام کے مطابق حنیف عباسی کو دل کی تکلیف ہوئی اور انہیں فوری طور پر راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کردیا گیا، حنیف عباسی جیل جانے سے قبل دل کے مرض میں مبتلا تھے۔