ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے صدارتی الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے
لاہور (ویب ڈیسک) ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان بھی صدارتی الیکشن میں حصہ لیں گے۔ لاہور میں عدلیہ بچائو کمیٹی کے سربراہ عبدالرشید قریشی ایڈووکیٹ نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے لئے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیرخان قومی ہیرو ہیں، اب وہ بھی صدر مملکت کے الیکشن میں حصہ لیں گے۔
خیال رہے کہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کراچی سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی کو صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا ہے ۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے اعتزاز احسن کو بطور صدارتی امیدوار میدان میں اتارا گیا اور ان کیلئے اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ ن سے حمایت حاصل کرنے کی کوشش بھی کی گئی تاہم انہیں کامیابی حاصل نہ ہوسکی جس کے بعد دونوں اپوزیشن جماعتیں مشترکہ صدارتی امیدوار لانے کی کوششیں کر رہی ہیں۔