آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے گلے ملنے پر بھارت میں نوجوت سنگھ سدھوکو بڑا جھٹکا لگ گیا

آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے گلے ملنے پر بھارت میں نوجوت سنگھ سدھوکو بڑا ...
آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے گلے ملنے پر بھارت میں نوجوت سنگھ سدھوکو بڑا جھٹکا لگ گیا

  

نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں امن کی خواہش لے کرآنے والے سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو مشکل میں پھنس گئے ۔تقریب میں حلف برداری میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے گلے ملنے پر بھارت میں سدھو کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر ہو گئی ۔

تفصیل کے مطابق راشٹریہ لوک سماتا پارٹی کے رہنما اور وکیل سدھیر اوجھا نے نوجوت سدھو کے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں جنرل قمر باجوہ سے گلے ملنے پر عوام کو ریاست کے خلاف بغاوت پر اکسانے، نقص امن عامہ اور قومی سلامتی کے خلاف کام کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی ہے۔ عدالت نے اپیل سماعت کے لئے منظور کر لی ہے۔ جرم ثابت ہونے پر نوجوت سدھو کو کم از کم دو سے تین برس کی قید بامشقت کی سزا ملے گی۔

سدھیر اوجھا نے پریس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ سدھو کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں کیونکہ انہوں نے آرمی کی توہین کی ہے اور بھارتی قوم کا سر اس وقت شرم سے جھکا دیا ہے جب پورا ملک بھارت رتنا اٹل بہاری واجپائی کا غم منا رہا تھا۔انہوں نے کہا ہمارے فوجی اور معصوم شہری بارڈر پر کراس فائرنگ کے نتیجے میں مر رہے ہیں۔ سدھو پاکستان کے آرمی چیف کو گلے لگانے کا سوچ بھی کیسے سکتے تھے؟ انہوں نے ان تمام کی توہین کی ہے جنہوں نے بھارت کی خاطر اپنی جان دی۔ مجھے میڈیا سے خبر ملی اور میں نے اس پر مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کر لیا“۔

مزید : قومی