’میں تمہاری مردہ ماں کا بھوت ہوں، تمہیں چاہیے کہ فوری۔۔۔‘ خاتون کو مردہ ماں کی جانب سے خط موصول، لیکن دراصل یہ کس نے لکھا تھا؟ حقیقت ایسی کہ کبھی سوچ بھی نہ سکتی تھی

’میں تمہاری مردہ ماں کا بھوت ہوں، تمہیں چاہیے کہ فوری۔۔۔‘ خاتون کو مردہ ماں ...
’میں تمہاری مردہ ماں کا بھوت ہوں، تمہیں چاہیے کہ فوری۔۔۔‘ خاتون کو مردہ ماں کی جانب سے خط موصول، لیکن دراصل یہ کس نے لکھا تھا؟ حقیقت ایسی کہ کبھی سوچ بھی نہ سکتی تھی

روزنامہ پاکستان کی اینڈرائیڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

برمنگھم(نیوز ڈیسک)نامراد عاشق سے بڑھ کر مایوس اور خوار رُوح دنیا میں کوئی نہیں ہو سکتی۔ شاید یہی وجہ تھی کہ ایک برطانوی نوجوان کو جب اس کی محبوبہ نے دھتکار دیا تو اُس نے واقعی بھوت بننے کا فیصلہ کیا تا کہ جو مقصد انسانی روپ میں حاصل نا کر سکا اُسے روح کا روپ دھار کر حاصل کر لے۔

میل آن لائن کے مطابق رائے میڈویل نامی اس نوجوان نے بہت جتن کئے کہ کسی طرح سابق محبوبہ ونیسا ونبری سے دوبارہ تعلق استوار ہو جائے مگر کامیابی نا ہوئی۔ مایوس ہو کر اُس نے ایک اور طریقہ اختیار کیا اور اپنی سابق محبوبہ کی آنجہانی والدہ کا بھوت بن کر اسے خطوط لکھنا شروع کر دئیے۔ بیچارے کا خیال تھا کہ ونیسا واقعی یہی سمجھے گی کہ اس کی والدہ عالم برزخ سے اس کی رہنمائی کر رہی ہے اور وہ دوبارہ اس کے ساتھ تعلق استوار کر لے گی۔

ایکسیٹر کراﺅن کورٹ میں پیش کئے گئے مقدمے میں بتایا گیا کہ ونیسا کو دوبارہ اپنی جانب مائل کرنے کیلئے رائے نے جعلسازی کا سہارا لیا اور ایک دن چپکے سے اس کے گھر میں ایک خط پھینک گیا۔ اس نے خط میں لکھا تھا ” سنو میری پیاری بیٹی ونیسا! میں تمہاری ماں ہوں اور عالم ارواح سے تمہیں یہ خط بھیج رہی ہوں۔ تمہارے بھلے کیلئے تم سے کچھ کہنا چاہتی ہوں۔ وہ شخص جس نے اپنا سب کچھ تمہارے لیے قربان کر دیا ، وہ شخص جو تم سے محبت کرتا ہے ، وہ شخص جو تمہیں اپنی بیوی بنانا چاہتا ہے، وہی تمہارے لیے اس دنیا میں سب سے بہتر ہے۔ اب تم مزید وقت ضائع مت کرو اور جتنا جلد ممکن ہو سکے اس سے رابطہ کر لو۔“

ونیسا کا کہنا ہے کہ اُسے جب اسی طرح کے متعدد خط موصول ہوئے اور پھر آنجہانی والدہ کی جانب سے نصیحت بھری ای میلز کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا تو بالآخر وہ سارے خطوط اور ای میل کا ریکارڈ لے کر پولیس کے پاس جا پہنچی۔ پولیس نے جلد ہی پتا چلا لیا کہ یہ بھوت کوئی اور نہیں بلکہ ونیسا کا سابق بوائے فرینڈ ہے جو اس کے گھر میں خط پھینک کر جاتاتھا اور اس کی والدہ کے نام سے بنائے گئے جعلی ای میل اکاﺅنٹ سے ای میل بھیجتا تھا۔ فی الحال اُسے یہ وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا ہے کہ آئندہ ونیسا سے رابطے کی کوشش نہ کرے، انسانی شکل میں اور نہ ہی بھوت بن کر، لیکن اگر وارننگ کی خلاف ورزی ہوئی تو اسے قید کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔

مزید : ڈیلی بائیٹس