پی ٹی آئی کو پہلے بھی مایوس نہیں کیا، اب بھی نہیں کریں گے، خالد مقبول صدیقی کی عارف علوی سے گفتگو
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے نامزد صدارتی امیدوار عارف علوی نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے مرکز کا دورہ کیا اور ایم کیو ایم رہنماؤں سے صدارتی انتخاب کے حوالے سے گفتگو کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف کے نامزد صدارتی امیدوار عارف علوی نے ایم کیو ایم رہنماو¿ں سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم ہماری اتحادی جماعت ہے، ہم نے اپنی بات ایم کیو ایم کے سامنے رکھی ہے، نئے پاکستان سے متعلق عوام ہماری طرف دیکھ رہی ہے، کراچی کے مسائل کو حل کرنا ہماری ضرورت ہے، بلدیاتی اداروں کے اختیارات سے متعلق ایم کیو ایم کی پٹیشن کی مکمل حمایت کریں گے۔ماضی کے صدور کے مقابلے میں بہتر کارگردگی دکھانے کی کوشش کروں گا، کراچی اور دیگر شہری مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے، سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ آئین کی عکاسی نہیں کرتا۔
اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے درمیان ایک معاہدہ ہوا ہے، اپنے اپنے اصولوں کے ساتھ محدود رہ کر تعاون جارے رہے گا، امید ہے سندھ کے شہری علاقوں کو وسائل ملیں گے، عارف علوی کو پہلے مایوس کیا نہ ہی آئندہ کریں گے، وقت کے ساتھ ساتھ مسائل حل ہو جائیں گے، الیکشن سے متعلق ہمارے تحفظات پرہمیں حق حاصل ہے، ہم اپنے تحفظات ظاہر کرنے پر آزاد ہیں، الیکشن نتائج کے حوالے سے جو تحفظات ہیں اس پر قائم ہیں۔
سربراہ ایم کیو ایم نے کہا کہ بہتر پاکستان کے لیے مل کر کام کریں گے، کراچی کی بہتری ملک کی بہتری ہے، کراچی کو جو وسائل ملتے ہیں وہ لوٹ کر پورے پاکستان کو ملتے ہیں، بہتر کراچی ہی بہتر پاکستان ہے، ہمارا پی ٹی آئی سے تعاون آگے بھی جاری رہے گا، اب تک تحریک انصاف کے ساتھ جو تعاون قومی اسمبلی میں کیا وہ ہر جگہ جاری رہے گا، دماغ سے زیادہ دل کہتا ہے حالات تبدیل ہورہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ 4 ستمبر کو ہوگی اور پولنگ کا وقت صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگا۔