پیپلز پارٹی نے سندھ میں پہلے سے زیادہ نشستیں حاصل کرکے مخالفین کے منہ بند کردیئے:سید مراد علی شاہ
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے پچھلے دور حکومت میں سندھ میں لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے یہی وجہ ہے کہ انہوں نے پی پی پی کوایک بار پھرمنتخب کیا،پیپلز پارٹی نے انتخابات میں سندھ میں پہلے سے زیادہ نشستیں حاصل کرکے مخالفین کے منہ بند کردیئے ہیں، جو کہتے تھے کہ پی پی پی کمزور یا ختم ہوگئی ہے وہ اب شرمندہ ہیں۔
نجی ٹی وی کےمطابق سندھ کے وزیر اعلیٰ کا دوسری مرتبہ حلف اٹھانے کے بعد مختلف استقبالیہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وہ سندھ کی عوام اورپی پی پی قیادت کے بھی شکرگزار ہیں جنہوں نے ایک بار پھر ان پر اعتماد کیااور انہیں وزیر اعلیٰ سندھ منتخب کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ پر سندھ کابینہ تشکیل دی گئی ہے اور سندھ کابینہ میں نئے لوگوں کو بھی شامل کیاگیا ہے اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔انہوں نے کہا کہ وہ پہلے سے بھی زیادہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے ترقیاتی کام کرانے کے لیے پرعزم ہے اوران کی ترجیح تعلیم و صحت کے شعبوں کی بہتری ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور وہ عیدالاضحیٰ کے فوری بعد ان مسائل کے حل کے لیے کوششیں شروع کردیں گے اور عوام بھی سندھ میں حقیقی تبدیلی محسوس کریں گے۔