قطری شاہی خاندان نے اپنا ہوائی جہاز فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا، قیمت 75 ارب، اس کے اندر کیا ہے؟ دیکھ کر آپ کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ جائیں گی

قطری شاہی خاندان نے اپنا ہوائی جہاز فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا، قیمت 75 ارب، اس ...
قطری شاہی خاندان نے اپنا ہوائی جہاز فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا، قیمت 75 ارب، اس کے اندر کیا ہے؟ دیکھ کر آپ کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ جائیں گی

  

دوحہ(مانیٹرنگ ڈیسک)اگر آپ دنیا کا اعلٰی ترین پرائیویٹ جیٹ خریدنے کا خواب دیکھ رہے تھے تو آپ کے لئے خوشخبری ہے کہ قطری خاندان نے اپنا شاہی طیارہ بیچنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سے اچھا موقع پھر نہیں آئے گا کیونکہ پوری دنیا میں اس لگژری جیٹ کا کوئی ثانی نہیں۔ یہ بوئنگ 747-8 جیٹ آپ فوری طور پر خرید سکتے ہیں اگر آپ کے پاس 50 کروڑ پاﺅنڈ، یعنی تقریباً 75 ارب روپے موجود ہیں۔

شاہی طیارے کی شان و شوکت کا اندازہ آپ اس بات سے کرسکتے ہیں کہ اس کی دو منزلوں پر متعدد لاﺅنج اور پرائیویٹ کمرے واقع ہیں جن کے ساتھ 10 باتھ روم، ایک بہت بڑا ڈائننگ روم، اور حتیٰ کہ ایک کلینک بھی موجود ہے۔ طیارے کے اندر نیلے ، سفید اور سنہری رنگ سے فرنیچر اور دیواروں کی انتہائی دلکش تزئین و آرائش کی گئی ہے۔

شاہی طیارے کے اندر کا ماحول دیکھیں تو لگتا ہی نہیں کہ یہ کوئی ہوائی جہاز ہے۔ یوں لگتا ہے کہ آپ کسی عالی شان محل کی سیر کر رہے ہیں۔ اس طیارے میں 76 مسافروں اور عملے کے 18 ارکان کی گنجائش ہے اور اب تک یہ 403 گھنٹوں کی پرواز کرچکاہے۔

شاہی ہوائی جہاز کی فروخت کا اشتہار ”کنٹرولر“ ویب سائٹ پر دیا گیا ہے۔ یہ ویب سائٹ استعمال شدہ ہوائی جہازوں کی خرید و فروخت کا سب سے بڑا آن لائن مرکز سمجھی جاتی ہے۔ ہوائی جہازوں کی خرید و فروخت سے متعلقہ ادارے ”پرتھ ناﺅ“ نے قطری شاہی ہوائی جہاز کی قیمت کا اندازہ تقریباً 50 کروڑ پاﺅنڈ بتایا ہے۔ ممکنہ خریداروں سے کہا گیا ہے کہ اگر وہ اس بہترین ہوائی جہاز کی خریداری کے لئے سنجیدہ ہیں تو AMACسوئٹرزرلینڈ سے رابطہ کریں۔ ان کی پیشکش کا جائزہ لے کر انہیں ہوائی جہاز کے معائنے کی اجازت دی جائے گی اور سنجیدہ گاہک کو ہوائی جہاز فروخت کرنے میں کوئی تاخیر نہیں کی جائے گی۔

مزید : ڈیلی بائیٹس /عرب دنیا