2 آدمیوں کی نوعمر لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کی کوشش، ایسے میں لڑکی کے کتے نے کیا کردیا کہ دونوں بھاگنے پر مجبور ہوگئے؟ جان کر آپ بھی دنگ رہ جائیں گے
نئی دلی(نیوز ڈیسک)انسان میں سے تو انسانیت ختم ہو چکی لیکن شاید جانوروں میں ابھی باقی ہے۔ بھارتی ریاست مدھیا پردیش میں پیش آنے والا ایک حیران کن واقعہ کچھ ایسی ہی تصویر پیش کر رہا ہے۔ ایک نوعمر لڑکی کو دو اوباش مرد اپنی ہوس کا نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے لیکن عین اس وقت لڑکی کے پالتو کتے نے ان بدمعاشوں پر حملہ کر کے انہیں بھاگنے پر مجبور کر دیا۔
اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کی شام ریاست مدھیا پردیش میں پیش آیا۔ چودہ سالہ لڑکی جانوروں کے لئے بھوسہ لینے کے لئے گھر سے باہر گئی تھی لیکن دو اوباش افراد نے اس کا تعاقب شروع کر دیا۔ قدرے ویران جگہ پر انہوں نے لڑکی کو دبوچ لیا اور اس کی عصمت دری کی کوشش کرنے لگے ، البتہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ پیچھے کچھ فاصلے پر لڑکی کا کتا بھی آ رہا تھا۔ کتے نے جیسے ہی دیکھا کہ اس کی مالکن مصیبت میں ہے تو وہ اُسے دبوچنے والے درندوں پر ٹوٹ پڑا۔ ایک بدبخت کو، جس نے لڑکی کو زمین پر گرا رکھاتھا، کتے نے ٹانگ پر کاٹا اور دوسرا یہ منظر دیکھ کر ہی بھاگ نکلا۔
کتے کے کاٹنے کے باعث اوباشوں کے لئے پولیس کی نظروں سے چھپنا بھی مشکل ہو گیا۔ پولیس کو اُس شخص کی تلاش تھی جس کی ٹانگ پر تازہ زخم ہو، اور جلد ہی یہ بدبخت گرفتار ہو گیا۔ اس کا نام ریشو آہیروار بتایا گیا ہے ، جو پہلے بھی جنسی جرائم میں ملوث رہ چکا ہے۔ اس کے ساتھی پنیت کو بھی بعد ازاں گرفتار کر لیا گیا اور اب یہ دونوں پولیس کی حراست میں ہیں۔