کینسر کی جنگ لڑتے بالی ووڈاداکار عرفان کی طبیعت میں بہتری آنے لگی
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) کینسر کے موذی مرض سے لڑنے والے بالی ووڈ اداکار عرفان خان بیماری کو شکست دینے کے بعد تیزی سے روبہ صحت ہورہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عرفان خان کے ڈاکٹرز نے پانچویں تھراپی کے بعد نوید سنائی تھی کہ نیورو انڈرو کرائن ٹیومر میں مبتلا اداکار نے کینسر کے خلاف آدھی جنگ جیت لی اور اس میں مکمل فتح کا صرف ایک مرحلہ باقی ہے جسے وہ آئندہ چند روز میں عبور کرلیں گے۔تاہم اب اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ ’اداکار کی چھٹی (6) کیموتھراپی کا مرحلہ بھی مکمل کرلیا گیا اور اب وہ تیزی سے صحت مند ہورہے ہیں، آئندہ چند روز میں ڈاکٹرز ایک ٹیسٹ کریں گے جس کی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئے گی کہ کینسر کا مرض کس حد تک ختم ہوا؟
قبل ازیں 4 اگست کو عرفان خان کی چوتھی کیمو تھراپی ہوئی تھی جس کے بعد وہ اپنی زندگی سے مایوس نظر آئے ، اْن کا کہنا تھا کہ ’میں کبھی کبھی سوچتا ہوں کہ لوگوں کو بتاؤں میں چند ماہ میں دنیا چھوڑ سکتا ہوں‘۔ میری کیمو تھراپی کے چھ سیشن ہیں جس میں سے چار سیشن مکمل ہوگئے جبکہ تھراپی مکمل ہوجائے گی تو ڈاکٹرز ایک ٹیسٹ کر کے نتیجہ دیکھیں گے۔واضح رہے کہ زندگی کی جنگ لڑنے والے بالی ووڈ اداکار عرفان خان نے مداحوں کے نام کھلا خط لکھا تھا، جس میں انہوں نے خوف کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ابھی نہیں اتنی جلدی سفر ختم نہیں ہوسکتا۔