”پی سی بی نے سری لنکا کو ٹور کے 2 شیڈول بھیجے ہیں جن میں سے ایک میں۔۔۔“ ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی سے متعلق حیران کن خبر آ گئی

”پی سی بی نے سری لنکا کو ٹور کے 2 شیڈول بھیجے ہیں جن میں سے ایک میں۔۔۔“ ملک ...
”پی سی بی نے سری لنکا کو ٹور کے 2 شیڈول بھیجے ہیں جن میں سے ایک میں۔۔۔“ ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی سے متعلق حیران کن خبر آ گئی

  


لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان میں محدود اوورز کی کرکٹ کی بحالی کے بعد اب ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کیلئے کوششیں جاری ہیں اور اس حوالے سے سری لنکن ٹیم کو دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کیلئے دورہ پاکستان کی دعوت دی گئی ہے تاہم اب ایک حیران کن انکشاف بھی سامنے آ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکن میڈیا کے ذریعے یہ بات سامنے آئی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ٹور کے 2 مجوزہ شیڈول سری لنکن کرکٹ بورڈ کو بھجوائے گئے ہیں جن میں سے ایک میں ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز متحدہ عرب امارات میں کرانے اور دسمبر میں محدود اوورز کے میچز پاکستان میں رکھے گئے ہیں جبکہ دوسرے شیڈول میں دونوں ٹیسٹ کراچی اور لاہور میں منعقد کرنے کا کہا گیا ہے۔

سری لنکن میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹور کے حوالے سے کوئی بھی حتمی فیصلہ کئے جانے سے قبل چند معاملات کا جائزہ لینا ضروری ہوگا، حکومتی منظوری اور دیگر تحفظات دور ہونے کے بعد بھی اگلا مرحلہ کرکٹرز کو پاکستان آنے پر آمادہ کرنا ہوگا۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سری لنکن ٹیم کو واحد ٹی 20 میچ کیلئے پاکستان بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا تو اوپل تھرنگا، لاستھ ملنگا اور سورنگا لکمل سمیت کئی اہم کھلاڑیوں نے انکار کردیا تھا جبکہ رواں برس ہی کولمبو میں بم دھماکوں کے باوجود پاکستان نے اپنی انڈر19 ٹیم کو سری لنکا بھجوانے کا فیصلہ کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام تاحال پرامید ہیں کہ سری لنکن حکومت بھی جواب میں مثبت رویہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو ٹور کی اجازت دیدے گی اور یوں پاکستان میں 10 سال کے طویل عرصے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہو جائے گا۔

مزید : کھیل


loading...