بھارت کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ، اس میں کتنے افراد سوار تھے اور کہاں جارہا تھا ؟ تفصیلات سامنے آ گئیں
اتر کاشی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارتی ریاست اتر کھنڈ میں بارش سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کیلئے امداد لے جانے والا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیاہے جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں ۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر گرنے کا واقعہ بھارتی ریاست اتر کھنڈ کے ضلع اتر کاشی میں پیش آیا ، ہیلی کاپٹر میں امدادی عملے کے تین افراد سوار تھے ۔ایس ڈی آر ایف کی میڈیا انچارج پروین الوک نے کہا کہ ہیلی کاپٹر ہیریٹیج ایوی ایشن کی ملکیت تھا جسے پائلٹ راج پال اڑا رہے تھے، ان کے ساتھ معاون پائلٹ کپتان لال موجود تھے جبکہ ریسکیو آپریشنز میں شامل مقامی شخص رَمیش ساور بھی ہیلی کاپٹر پر سوار تھا۔
ریاستی ڈیزاسٹر منیجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے سیکریٹری انچارج ایس اے موروگیسان نے ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے کی تصدیق کی، ان کا کہنا تھا کہ حادثے میں ہونے والے جانی نقصان کی ابھی تصدیق نہیں کی جاسکتی۔تاہم ریاستی عہدیدار نے حادثے میں پائلٹ اور عملے کے 2 ارکان کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی۔