پنجاب حکومت کا علماء کرام،خطبا،موذن اور مدارس کے طلبہ کو مرحلہ وار صحت انصاف کارڈ دینے کا فیصلہ

پنجاب حکومت کا علماء کرام،خطبا،موذن اور مدارس کے طلبہ کو مرحلہ وار صحت انصاف ...
پنجاب حکومت کا علماء کرام،خطبا،موذن اور مدارس کے طلبہ کو مرحلہ وار صحت انصاف کارڈ دینے کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب حکومت نے علماء وآئمہ کرام،خطبا،موذن او رمدارس کے طلبہ کو بھی مرحلہ وار صحت انصاف کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار سے پاکستان علما کونسل کے سربراہ اورمتحدہ علما بورڈ پنجاب کے چیئرمین علامہ طاہرمحموداشرفی نے ملاقات کی اورملکی صورت حال ،صوبے میں مذہبی ہم آہنگی اور دیگر مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے علامہ طاہر محمود اشرفی کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے علماء وآئمہ کرام،خطبا،موذن او رمدارس کے طلبہ کو بھی مرحلہ وار صحت انصاف کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں صحت انصاف کارڈ سکیم کےحوالے سے پروگرام کو حتمی شکل دینے کے لئے سفارشات طلب کرلی ہیں۔ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور میں تمام مکاتب فکر کے نمایاں علما ء کرام کی کا نفرنس منعقد ہوگی،جس سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار خطاب کریں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر کہاکہ اتحاد بین المسلمین کے لئے علماء سے رابطے بہتر اور موثر بنائے جا رہے ہیں ، محرم الحرام میں صوبائی ، ڈویژنل اور اضلاع کی سطح پر علماء سے مشاورت کی جائے گی ،متحدہ علماء بورڈ کو موثر بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام کریں گے،انتظامی او رسماجی امور میں علماء کرام کی مشاورت کا خیرمقدم کیاجائے گاـانہوں  نے کہاکہ حکومت پنجاب علماء اور مشائخ عظام کی رائے کو ہمیشہ مقدم رکھتی ہے،انتہاپسندی کے خلاف فکری اور نظریاتی جنگ میں علمائے کرام کا کردار لائق تحسین ہے۔اس موقع پر علامہ طاہر الحسن اور پاکستان علما کونسل کےترجمان محمد بلال طاہر  بھی موجود تھے  ۔