”اگر یہ کام ہوا تو پاکستانی ٹیم حیران کر سکتی ہے“ مائیکل وان نے انگلش ٹیم کو خبردار کر دیا
ساﺅتھمپٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان اور موجودہ کمنٹیٹر مائیکل وان نے کہا ہے کہ اگر سازگار حالات میسر ہوں تو پاکستانی ٹیم ٹیسٹ میں سرپرائز دے سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں مائیکل وان کا کہنا تھا کہ گرین شرٹس سازگار ماحول میں ناقابل شکست ثابت ہوسکتی ہیں، جیسے کہ پاکستان یا متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں ہوتا ہے، میں انگلینڈ کے ساتھ موجودہ سیریز میں پاکستان کی اننگ سے بہت لطف اندوز ہوا اور گرین شرٹس کی پرفارمنس قابل تعریف رہی۔
مائیکل وان نے کہا کہ انگلینڈ کی سرزمین پر پاکستانی ٹیم کی ایسی پرفارمنس دیکھنے کو نہیں ملتی، تاہم اس بار گرین شرٹس کے کوچز مصباح الحق، یونس خان، مشتاق احمد اور وقار یونس کی کوچنگ کی بہترین جھلک دکھائی دی۔
خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں سے انگلینڈ ایک ٹیست میچ جیت چکا ہے جبکہ دوسرا ڈرا ہوگیا تھا، تیسرا ٹیسٹ کل سے شروع ہونے جارہا ہے۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں 28 اگست، 30 اگست اور یکم ستمبر کو 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کے لیے مدمقابل ہوں گی۔