راوی ریور فرنٹ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کیلئے ٹینڈر طلب

راوی ریور فرنٹ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کیلئے ٹینڈر طلب

  

لاہور (جنرل رپورٹر)راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے دریائے راوی کے دونوں اطراف ماسٹر پلان کے مطابق مرحلہ وار راوی ریورفرنٹ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے پہلے مرحلہ کیلئے متعلقہ شعبہ میں وسیع تجربہ اور اچھی شہرت کی حامل کمپنیوں سے ڈیزائن اور ڈویلپمنٹ راوی ریور ڈویلپمنٹ سٹی پراجیکٹ کیلئے اظہار دلچسپی کے ٹینڈر طلب کر لئے ہیں۔ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (RUDA) مذکورہ عظیم منصوبہ پر مختلف فیزز میں کام کا آغاز کر رہی ہے۔

پہلا مرحلہ ماسٹر پلان کے مطابق 3ہزار سے 10ہزار ایکڑ پرمشتمل ہوگا جسے مختلف زونز کا نام دیا جائے گا۔ اس پراجیکٹ کے تحت راوی کی قدیم شان و شوکت کو بحال کرنا، لاہور اور گرد و نواح سے آلودگی کا خاتمہ، دریا میں گرنے والے سیوریج کے پانی کو ٹریٹمنٹ کے ذریعے صاف کرکے آبی آلودگی کا خاتمہ کرکے ماحول دوست بنانا ہے۔مزید برآں بڑھتی ہوئی آبادی کے دباؤ کو کم کرکے ایک نیا جدید شہر آباد کرنا منصوبہ کا حصہ ہے تاکہ لوکاسٹ ہاؤسنگ کے تحت عوام کیلئے لاکھوں ہاؤسنگ یونٹس تعمیر کئے جاسکیں۔راوی ریور فرنٹ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا مقصد عوام خصوصاً اہلیان لاہور اور گردونواح کے شہریوں کو معیاری رہائشی سہولیات مہیا کرنا اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق روزگار کے وسیع مواقع اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر بے روزگاری کا خاتمہ کرنا بھی اس منصوبہ کا حصہ ہے۔ راوی ریور اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے انویسٹرز، ڈویلپرز اور کنسورشیم کمپنیوں سے منصوبہ کے ڈیزائن کی تیاری اور سٹیٹ آف دی آرٹ ڈویلپمنٹ کیلئے اظہار دلچسپی/سفارشات طلب کر لی ہیں۔ یہ منصوبہ گیم چینجر ثابت ہوگا جس سے ناصرف قدیم لاہور شہر کے ساتھ ایک جدید لاہور سٹی وجود میں آجائے گا جہاں لاکھوں نئے رہائشی یونٹس تعمیر ہوں گے بلکہ دریائے راوی کی بحالی سے زیر زمین پانی کی سطح بلند ہونے سے لاہور شہر میں پینے کے پانی کے مسئلہ پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔ آبی حیات کو فروغ ملے گا اور مذکورہ شہر تجارتی سرگرمیوں کا زبردست مرکز بنے گا جس کے اثرات پورے ملک کی معیشت پر پڑیں گے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -