کیماڑی کو ضلع بنانے کی منظوری،متحدہ  اور تحریک انصاف نے فیصلے کو مسترد کر دیا

   کیماڑی کو ضلع بنانے کی منظوری،متحدہ  اور تحریک انصاف نے فیصلے کو مسترد کر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ کابینہ نے کراچی کو سات اضلاع میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کیماڑی کو ضلع بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے۔ بلدیاتی انتخابات سے قبل کراچی میں ایک اور ضلع بنانے کی خبریں بھی سچ ثابت ہوئیں۔ سندھ کابینہ نے کیماڑی کو بھی ضلع بنانے کی منظوری دے دی۔ ضلع غربی کو تقسیم کرکے کیماڑی ضلع بنایا جائے گا۔ اس میں سائٹ، بلدیہ ٹاؤن، فش ہاربر اور ماڑی پور کے علاقے شامل ہونگے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جو اضلاع بڑے ہیں، ان میں نئے ضلع بنانے کی تجویز بھی دی جائے۔ ضلع غربی سندھ کا سب سے بڑا ضلع ہے جس میں 7 سب ڈویڑنز ہیں جبکہ آبادی بھی 39 لاکھ سے زائد ہے۔مراد علی شاہ نے ضلع جنوبی کو ڈسٹرکٹ کراچی کا نام دینے کی تجویز بھی دی اورکہا کہ اس طرح کراچی کے اضلاع کو وہاں کے مشہور علاقوں کے نام دیئے جائیں۔ کابینہ اجلاس میں کچھ وزرا نے خیرپور کو بھی دو اضلاع میں تقسیم کرنے کی تجویز دی۔ادھر میئر وسیم اختر کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی حکومت نے کیماڑی کو ضلع بنانے کا فیصلہ کیا لیکن کراچی کا مینڈیٹ ایم کیو ایم کے پاس ہے، مشاورت کے بغیر فیصلہ غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔ چھ اضلاع بنا کر پہلے تباہی کی گئی، اس کو مزید بڑھانے کیلئے ساتواں ضلع بنایا جا رہا ہے، سندھ حکومت کے خلاف عدالت جائیں گے۔متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کیماڑی کو ضلع بنانے کا فیصلہ مستر دکردیا۔   ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری کا کہناتھا کہ پیپلز پارٹی جعلی مینڈیٹ دکھانے کے لیے کراچی کو تقسیم کررہی ہے، فیصلہ عدالت میں چیلنج کریں گے۔پی ٹی اائی کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کا کہناتھاکہ ضرور کوئی مالی مفاد ہوگا ورنہ  پیپلزپارٹی عوام کی بہتری کے لیے کبھی بھی نیا ضلع نہیں بنائے گی۔
کیماڑی ضلع

مزید :

صفحہ اول -