پاکستان کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں شکست دیکر سیریز اپنے نام کریں گے: کرس ووکس 

پاکستان کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں شکست دیکر سیریز اپنے نام کریں گے: کرس ووکس 

  

ساؤتھمپٹن (اے پی پی) انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر کرس ووکس نے کہا ہے کہ مہمان ٹیم کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہے اور گرین شرٹس کو آخری ٹیسٹ میچ میں بھی شکست دیکر سیریز 2-0 سے اپنے نام کرے گی۔ پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں میچ آف دی میچ کا اعزاز پانے والے مایہ ناز آل راؤنڈر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ اپنی ٹیم کو پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں فتح دلانے کے لئے پرعزم ہیں۔ انگلینڈ نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا دوسرا ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا۔ 

کرس ووکس نے کہا کہ وہ پاکستان کے خلاف ابتدائی دو ٹیسٹ میچز میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں، مہمان ٹیم ٹیم کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے کرس ووکس نے کہا کہ انکی ٹیم نے پاکستان کے خلاف سیریز 2-0 سے اپنے نام کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم تیسرے اور آخری  ٹیسٹ  میچ میں بھی مربوط حکمت عملی کے تحت جیت کیلئے میدان میں اترے گی۔  ووکس نے ٹیم کو خبر دار کیا ہے کہ سیریز میں کامیابی کی تکمیل کے لئے کھلاڑیوں کو تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی کا  مظاہرہ کرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ (آج) جمعہ سے ساؤتھمپٹن میں شروع ہوگا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -