عوام کیلئے اچھے دن شروع ہو چکے، وزیراعظم کا اگلا ہدف مہنگائی پر قابو پانا ہے: وفاقی وزراء 

عوام کیلئے اچھے دن شروع ہو چکے، وزیراعظم کا اگلا ہدف مہنگائی پر قابو پانا ہے: ...

  

 اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وفاقی وزرا ء اور وزیر اعظم کے معاونین خصوصی نے کہا ہے جب تحریک انصاف کو حکومت ملی تو ہمارا مقابلہ ایک منظم مافیا سے تھا، گزشتہ دو سال کے دورا ن ہر شعبہ میں انتہائی محنت سے کام کیا جس کے ثمرات سامنے آ رہے ہیں، ملک ترقی کی راہ پر گامزن،عوام کیلئے اچھے دن شروع ہو چکے ہیں،وزیر اعظم عمران خان کا اگلا ہدف مہنگا ئی کنٹرول کرنا ہے،وفاقی حکومت کے450اداروں کو کم کر کے 324 کر دیے، 71ہزار پوسٹیں ختم کی گئی ہیں،بلین ٹری منصوبے کے تحت آئندہ سال جون تک ملک میں ایک ار ب درخت لگا لیں گے، عوام کو دس ہزار ملازمتیں ملیں گی، الیکٹرک وہیکل پالیسی منظور کرا لی، بہت جلد پاکستان میں الیکٹرک وہیکل کی مینوفیکچرنگ شروع ہو جائیگی،امسال اکتوبر میں وزیر اعظم نئی نیشنل پارک سروس کا اعلان کریں گے جس سے لوگوں کو پانچ ہزارملازمتیں ملیں گی،بچوں کیساتھ زیادتی کرنیوالوں کو سرعام پھانسی دلوانے سمیت اہم قانون سازی کی گئی، ملک کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے خصوصی مہم چلائی گئی، سرکاری اراضی پر قبضہ کرنیوالوں کیخلاف گھیرا تنگ کیا گیا،مسئلہ کشمیر پر جو کام کر رہے ہیں وہ ماضی میں کسی حکومت نے نہیں کیا۔جمعرات کو پی آئی ڈی میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان،وفاقی وزیر سیفران شہریار آفریدی،وزیر مملکت زرتاج گل،وزیر اعظم کے مشیر تجارت عبد الرزاق داود،مشیر ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین اور معاون خصوصی ماحولیات ملک امین اسلم نے حکومت کی دو سالہ کار کردگی پر مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پی ٹی آئی حکومت آنے پر جیسے خیبر پختونخواکے عوام کے شروع میں تحفظات تھے،لیکن بعد خیبر پختونخواہ میں ترقی ہوئی، ا س طرح ہر چیز وقت لیتی ہے،وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا اس وقت مہنگائی کو کم کرنا وزیر اعظم کی اولین ترجیح ہے، ماضی میں حکومت جو ایڈورٹائزمنٹ دیتی تھی اس میں کمی آئی،قوم نے مشکل وقت گزارا، اکانومی دوبارہ بہتر ہوگی، میڈیا کو اشتہارات بھی ملتے رہیں گے،میڈیا ایڈز کیلئے ہم اسی فیصد ادا کر چکے ہیں باقی بیس فیصد بھی جلد ادا کر دیں گے۔ ہم چاہتے ہیں میڈیا اپنا آزادانہ کردار ادا کرتا رہے، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤ دکا کہنا تھا جب یہ حکومت آئی تو ہماری ایکسپورٹ گر رہی تھی، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ عروج پر تھا تاہم اب کرنٹ اکاونٹ خسارہ اور امپورٹ کم جبکہ ایکسپورٹ بڑھ چکی ہے۔ ہماراوژن میک ان پاکستان اور ایکسپورٹ کرنا ہے۔ ہمارے ہاں ای کامرس نہیں تھی موجودہ حکومت نے ای کامرس کی منظوری دی۔ مشیر ادارہ جاتی ریفارمز  ڈاکٹر عشرت حسین نے بتایا دعوے کم،ڈلیور زیادہ کرنا ہمارا مشن، عوام کو بتانا چاہیے ہمارے سامنے چیلنجز کیا کیا ہیں، وزیر اعظم کی خواہش ہے اداروں میں ریفارمز کی جائیں، آئی ٹی کا استعمال کرنے سے کرپشن بھی ختم ہوگی، بزنسز میں ای فائلنگ سسٹم شروع کرنا پڑے گا، شہریوں کو دفتروں کے دھکے نہیں کھانے پڑیں گے، سول سروس میں ہم نے کافی تبدیلیاں کی ہیں،پہلے سول سروس میں صرف بیوروکریٹ کی ٹریننگ ہوتی تھی اب ڈاکٹر اور انجینئرز کی ٹریننگ بھی ہوگی، معاون خصوصی موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے اپنی وزارت کی کارکردگی کے حوالے سے میڈیا کو آگاہ کیا کہ کلائمیٹ دنیا کا تیسرابڑا چیلنج ہے ہم اس پر قابو پانے کیلئے پانچ نکاتی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، دس بلین درخت لگانا، شاپر بیگ  ختم کرنا، الیکٹرک وہیکل کا استعمال، کلین اینڈ گرین پاکستان شامل ہیں۔ وزیرمملکت موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا وزارت موسمیاتی تبدیلی نے دو سالوں میں وہ کام کئے جو ستر سال میں نہیں ہوئے۔ وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا تمام وزراتوں کی ماں پارلیمانی افیئر وزارت ہے، ہم حکومت میں آئے تو لوگ ہمارے مخالف ہوگئے اس دوران وزارت پارلیمانی امور نے بڑی ہمت سے کام کیا، کئی اہم بلز منظور کرائے۔ایف اے ٹی ایف کے حوا لے سے آخری لاز بھی ہم نے سینٹ سے پاس کرا لئے ہیں۔ وزیر انسداد منشیات شہریار آفریدی نے کہا ہم نئی ویزا پالیسی لیکر آئے، انسدادڈرگ کے حوالے سے ہم نے تاریخی مہم چلائی۔

وفاقی وزراء 

مزید :

صفحہ اول -