پی پی اور ن لیگ نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے پر تحفظات کا اظہار کر دیا
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے پر شدید تحفظات کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ اجلاس بلانے کی ایمر جنسی کیا تھی،صدر مملکت کی تقریر جھوٹ کا پلندہ ہے،کرپشن کی داستانیں زبان زد عام ہیں،چینی کے ڈاکو ملک سے فرار کروا دئیے گئے ہیں،مہنگائی کو کنٹرول کرنے والے ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں والے کہاں گئے،،اس سے بدترین حکومت شاید دنیا کے کسی ملک میں نہ آئی ہو،پاکستان بھیانک دور سے گزر رہا ہے، حکومت سے فوری چھٹکارا ضروری ہے، پاکستان کی اپوزیشن متحد ہے بہت جلد ایک لائحہ عمل ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، لیگی رہنما خواجہ محمد آصف و دیگر نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے، یہ ایک ایسا دور ہے جس سے جنتا جلد ہوسکے جان چھڑائی جائے۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری ان کو سمجھ چکا ہے اور انہیں افسوس ہے، سوشل میڈیا میں لوگ کہتے ہیں کہ میں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا تھا لیکن میں شرمندہ ہوں۔
تحفظات