کراچی تاریخ کے بدترین حالات سے دوچار ہے: حافظ نعیم الرحمن 

کراچی تاریخ کے بدترین حالات سے دوچار ہے: حافظ نعیم الرحمن 

  

 کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کراچی کے ذمہ داران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر میں تعلیم، صحت، سیوریج،ٹرانسپورٹ کی بدترین صورتحال اور پانی کے بحران اور کراچی کی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں سمیت دیگر بلدیاتی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ بلدیاتی اور تعلیمی مسائل کے حل کے حوالے سے جلدعلیحدہ کنونشن منعقد کیے جائیں گے۔حافظ نعیم الرحمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی جو کہ منی پاکستان ہے جو پاکستان کو 67فیصد ریونیوجبکہ سندھ کو 90فیصد ریونیودیتا ہے، سارے فائدے سمیٹنے کے باوجود شہر کولاوارث چھوڑدیا گیاہے،اس وقت شہر بدترین بلدیاتی صورتحال سے دوچارہے، زندگی کا کوئی شعبہ ایسا نہیں جسے تسلی بخش کہاجا سکے۔شہری ٹوٹی پھوٹی بسوں کی چھت پر سفر کرنے پر مجبور ہیں، وعدوں، دعوؤں کے باوجود ماس ٹرانزٹ پروگرام اب تک مکمل نہیں کیا گیا،شہر میں سیوریج کا نظام تباہ حال ہے، بارشوں کے بعد سے اب تک سیوریج کا پانی گلیوں اور سڑکوں پر موجود ہے جس کے باعث پیدل چلنے والوں کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کے شہریوں کے لیے پینے کا صاف پانی تک موجود نہیں ہے، دوسرے طرف شہر بھر میں ٹینکر مافیاکا راج ہے جس کے باعث شہری مہنگے داموں پانی خرید نے پر مجبور ہیں،کے الیکٹرک واحد کمپنی ہے جس نے صوبائی اور وفاقی حکومتوں اور سپریم کورٹ کے نوٹس لینے کے باوجود کراچی میں اعلانیہ،غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ، اووربلنگ سے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے،کراچی کے سرکاری تعلیمی اداروں کی صورتحال کسی سے پوشیدہ نہیں ہے،سرکاری اسپتالوں میں صحت کی سہولیات موجود نہیں ہیں، مریض علاج کے لیے پریشان ہیں اور اسپتالوں میں دوائیاں تک موجود نہیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں اس وقت پاکستان تحریک انصاف، پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم تینوں جماعتوں کی حکومت ہے لیکن یہ جماعتیں صرف الزام تراشیوں اور لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں کر سکیں، کراچی کے ساتھ ماضی میں بھی سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا اور موجود ہ حکومتیں بھی کراچی کے ساتھ ایسا ہی کررہی ہیں۔ انہوں نے جماعت اسلامی کراچی کی اسٹیک ہولڈر جماعت ہے،جماعت اسلامی کو جب بھی موقع ملا کراچی کے مثالی ترقیاتی کام کروائے،جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی،کراچی کے عوام جماعت اسلامی کادست و بازو بنیں اور آئندہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

مزید :

صفحہ آخر -