کشمیرریلی میں دھماکہ،سردار مسعود کا حافظ نعیم سے اظہار افسوس
کراچی (اسٹاف رپورٹر)آزادکشمیر صدر سردار مسعود خان نے امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کو ٹیلیفون کیا اور جماعت اسلامی کے تحت گلشن اقبال میں ہونے والی کشمیر ریلی میں بم دھماکے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے رفیق تنولی کی شہادت پر تعزیت اور زخمیوں کے لیے جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔سردار مسعود خان نے جماعت اسلامی کی جانب سے کشمیر کی آزادی کی جدوجہدکو سراہتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی نے اول روز سے ہی کشمیر یوں سے اظہار یکجہتی کیاہے اور ان کی آزادی کی جدوجہد کے لیے تحریک چلائی ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے سردار مسعود خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ مسئلہ کشمیر ہمارے ایمان کا مسئلہ ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،کشمیریوں سے ہمارا نظریاتی رشتہ ہے اور جماعت اسلامی کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں ہمیشہ سے کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہے۔