قیدیوں کی فلاح وبہبود پر خصوصی توجہ دی جائے،تاج محمد خان

قیدیوں کی فلاح وبہبود پر خصوصی توجہ دی جائے،تاج محمد خان

  

بٹ خیلہ (بیورورپورٹ)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات تاج محمد خان ترند نے جیل حکام اورماتحت اہلکاروں سے کہاہے کہ وہ صوبہ بھر کے جیلوں میں قیدیوں کی صحیح معنوں میں اصلاح،تعلیم وتربیت کے ساتھ ساتھ مختلف ہنرسکھانے پر خصوصی توجہ دیں تاکہ یہ قیدی رہائی پانے کے بعد معاشرے کا مفید شہری بن سکیں اور عزت کے ساتھ اپنی زندگی بسر کرسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز سب جیل ملاکنڈ کے دورے کے دوران بریفنگ کے موقع پر کیا۔بریفنگ کے دوران انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات خیبر پختونخوا مسعودالرحمان،ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ ریحان خٹک،چیئر مین ڈیڈک ملاکنڈ و رکن صوبائی اسمبلی پیر مصور خان غازی اور ضلع دیر لوئر سے تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی ہمایوں خان بھی موجود تھے۔سپرنٹنڈنٹ سب جیل ملاکنڈ ایوب خان نے معاون خصوصی کو سب جیل میں کئے گئے تعمیراتی کام اور قیدیوں کو دیئے جانے والے خوراک اور دیگر سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سب جیل میں قیدیوں کو ناظرے پر قرآن پاک پڑھانے اور مذہبی تعلیم کے ساتھ ساتھ مختلف ہنر سکھانے کا بھی بندوبست کیا گیا ہے اور قیدیوں کے علاج معالجے کے لیے ڈسپنسری اور بارکوں میں باتھ رومز بھی تعمیر کئے ہیں۔انھوں نے نئے تعمیر ہونے والے ڈسٹرکٹ جیل ملاکنڈ کے بارے میں بتایا کہ اس کے لیے 130 کنا ل اراضی پر سیکشن فور لگ چکا ہے اور مزید 100 کنال آراضی کے حصول پر کام جاری ہے۔نئی تعمیر ہونے والے ڈسٹرکٹ جیل ملاکنڈ میں 1000 قیدیوں کی گنجائش ہوگی جس پر عنقریب تعمیراتی کام شروع کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی نے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ سردیوں میں قیدیوں کے لیے گرم پانی کا بھی بندوبست کریں اور نئے تعمیر ہونے والے ڈسٹرکٹ جیل ملاکنڈ پر جلد از جلد عملی طور پر تعمیراتی کام شروع کرنے کے لیے لائحہ عمل تیار کریں اور اس سلسلے میں حائل تمام رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کیا جائے۔بعد ازاں معاون خصوصی ملاکنڈ سب جیل کے مختلف بارکوں میں گئے اور قیدیوں سے ان کے مسائل و مشکلات اور خوراک کے بارے میں دریافت کیا۔قیدیوں نے جیل حکام کی جانب سے دیئے جانے والے خوراک اور دیگر سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔قبل ازیں معاون خصوصی نے پردے کی نقاب کشائی کرکے جیل کے لیے واٹر سپلائی سکیم کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -