میکسیکو کا روس کی کروناوائرس کی ویکسین کی طبی آزمائش میں حصہ لینے کافیصلہ
میکسیکو سٹی(شِنہوا)میکسیکو کے وزیرخارجہ مارسیلو ابرارڈ نے کہاہے کہ میکسیکو کو نوول کروناوائرس کی روسی ویکسین کی 2ہزار خوراکوں کی پیشکش کی گئی ہے اور یہ اس کی طبی آزمائش میں حصہ لے گا۔
ابرارڈ نے کہا کہ یہ بہت اچھی خبر ہے کیونکہ ہم ایک بار پھر وقت حاصل کررہے ہیںروس کے گامالیا قومی مرکز برائے وبائی امراض ومائیکروبا ئیولوجی کی جانب سے تیار کی گئی ویکسین سپوٹ نِک 5 کی آزمائش میں میکسیکو کی شرکت پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے ابرارڈ اور میکسیکو میں روس کے سفیر وِکٹر کورونیلی نے بدھ کے روز ملاقات کی۔ابرارڈ نے کہاکہ ٹیسٹ شروع کرنے کیلئے یہ جلد ہی میکسکو پہنچ جائے گی اور اس کی تاریخ کا میں جلد ہی اعلان کروں گا تاہم گزشتہ روز پیشکش اور اسے قبول کرنے کو باضابطہ شکل دی گئی۔
ابرارڈ نے کہاکہ میکسیکو نے برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی اوردوا ساز کمپنی آسٹرا زینیکاکی جانب سے لاطینی امریکہ کیلئے تیار کی گئی ویکسین کی پیداوار میں مدد کرنے پررضامندی ظاہر کی تھی۔انہوں نے کہاکہ امریکی دوا ساز کمپنی جانسنز اینڈ جانسنز کی جانب سے تیار کی گئی ویکسین کی آزمائش کا تیسرا مرحلہ ممکنہ طور پر ستمبر سے شروع ہوگا۔