ترکی کے ہاتھ خزانہ لگ گیا، طیب اردگان نے ترکوں کو سب سے بڑی خوشخبری سنادی
انقرہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) ترک صدر رجب طیب اردگان نے اعلان کیا ہے کہ بحیرہ اسود کے ساحل کے قریب قدرتی گیس کا بہت بڑا ذخیرہ دریافت ہوا ہے۔ انہوں نے کچھ روز پہلے کہا تھا کہ وہ جمعہ کو بڑی خوشخبری سنائیں گے جس سے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔
طیب اردگان نے جمعہ کو اس خوشخبری کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ گیس کا جو ذخیرہ دریافت ہوا ہے اس کی مقدار 320 ارب کیوبک میٹر ہے اور یہ 2023 تک استعمال کے قابل ہوجائے گی۔
ترکی انرجی مصنوعات کی درآمد پر سالانہ 50 ارب ڈالر تک خرچ کرتا ہے، اگر یہ گیس کا ذخیرہ استعمال میں آگیا تو اس کے ذریعے ترکی کو کثیر مقدار میں زرمبادلہ کی بچت ہوسکتی ہے۔
خیال رہے کہ ترکی کا ڈرلنگ کرنے والا جہاز " فیتھ" گزشتہ ماہ سے بحیرہ اسود کے ٹونا ون سیکٹر میں ڈرلنگ کر رہا تھا ۔ یہ سیکٹر رومانیہ کے قریب ہے جہاں رومانیہ نے بھی گیس دریافت کی تھی۔