اسامہ بن لادن کو قتل کرنے والے امریکی فوجی پر ایئرلائن نے پابندی لگادی، وجہ بھی حیران کن
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کو گولی مارنے والے امریکی کمانڈو پر امریکی ایئرلائن نے ہی سفر کرنے پر پابندی عائد کر دی۔ ڈیلی سٹار کے مطابق 44سالہ رابرٹ او نیل نامی یہ کمانڈو اس امریکی ٹیم کا تھا جو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے ایبٹ آباد میں واقع اسامہ بن لادن کے کمپاﺅنڈ تک آئی اوررابرٹ اونیل نے ہی اسامہ بن لادن پر گولیاں برسائیں۔
رپورٹ کے مطابق رابرٹ اونیل گزشتہ دنوں ڈیلٹا ایئرلائنز کی ایک پرواز میں سفر کر رہا تھا۔ دوران سفر اس نے فیس ماسک نہیں پہن رکھا تھا۔ اس دوران اس نے اپنی ایک تصویر بنا کر سوشل میڈیا پر بھی پوسٹ کر دی۔ تصویر میں نظر آنے والے دیگر مسافروں نے فیس ماسک پہن رکھے ہوتے ہیں۔ ایئرلائنز نے رابرٹ کی اس حرکت پر ان پر پابندی عائد کر دی ہے جس کے بعد وہ ڈیلٹا ایئرلائنز کے ساتھ سفر نہیں کر سکیں گے۔
ڈیلٹا ایئرلائنز کی طرف سے اس امر کی تصدیق بھی کر دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ رابرٹ کا فیس ماسک کے بغیر تصویرپوسٹ کرنا وباءکے دنوں میں انتہائی غیرذمہ دارانہ عمل تھا۔ اس سے دوسروں کی تضحیک کا پہلو بھی نکلتا ہے جنہوں نے فیس ماسک پہن رکھے تھے۔چنانچہ ان پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔