’ن لیگ مزاحمت کی سیاست کر رہی ہے یا مفاہمت کی ؟ جنرل(ر) عبدالقیوم نے ایسا جواب دے دیا کہ نواز شریف بھی دنگ رہ جائیں
چکوال(ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کےمرکزی رہنمالیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم نےکہاہےکہ ن لیگ آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے،ہمارے اس موقف کو کچھ لوگ مزاحمت سمجھتے ہیں تو یہ انکی مرضی ہے تاہم ن لیگ مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے،خیبر سے کراچی تک اس وقت مسلم لیگ ن ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور ملکی سیاست میں اپنابھرپور کردار ادا کررہی ہے۔
چکوال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےجنرل(ر)عبد القیوم نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ اپوزیشن کیساتھ مفاہمت کاراستہ اختیار کرے ،گذشتہ تین سالوں میں تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کی حکومت مسلسل اپوزیشن کو ہراساں کررہی ہے، یہی وجہ ہے کہ عمران خان کی حکومت ڈیلیور نہیں کرسکی اور ملک اس وقت شدید معاشی بحران سے گزر رہا ہے ۔
افغانستان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئےاُنہوں نے کہا کہ پورے خطے میں بڑی زبردست تبدیلی آئی ہے جس سے ہندوستانی موقف کی نفی ہوئی ہے،پاکستان کا غیر جانبدرانہ موقف بڑا بھرپور ہے مگر افغانستان کی مضبوطی سے پاکستان مضبوط ہوگا،ہندوستان کا یہ پراپیگینڈا بلاجواز ہے کہ طالبان نے یہ کامیابی پاکستان اور آئی ایس آئی کے ذریعے حاصل کی ہے۔
جنرل(ر)عبد القیوم نے کہا کہ 70ہزار طالبان نے تین لاکھ کی اس فوج کو شکست دی جو ہر قسم کے جدید ہتھیاروں سے لیس تھی، ایک گولی چلائے بغیر اتنی بڑی تبدیلی یقینی موجودہ صدی کا بہت بڑا معجزہ ہے۔