پاکستان میں "یوٹیوب ڈاؤن" ٹاپ ٹرینڈ، عمران خان حکومت پر برس پڑے

پاکستان میں "یوٹیوب ڈاؤن" ٹاپ ٹرینڈ، عمران خان حکومت پر برس پڑے
پاکستان میں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان میں یوٹیوب ڈاؤن کا ہیش ٹیگ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ کر رہا ہے، تحریک انصاف کے حامیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان کے لیاقت باغ جلسے سے خطاب کے دوران پاکستان میں یوٹیوب بند کی گئی ۔ عمران خان نے اسے اپنے مخالفین کی مایوسی قرار دے دیا۔

پاکستان میں یوٹیوب ڈاؤن ٹوئٹر کے ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے  اور صارفین کی جانب سے شکایت کی جا رہی ہے  کہ ان کے پاس ویڈیو  پلیٹ فارم کام نہیں کر رہا۔ تحریک انصاف کے حامیوں کا دعویٰ ہے کہ پاکستان میں حکومت کی جانب سے اس وقت یوٹیوب بند کی گئی جب عمران خان تحریک انصاف کے لیاقت باغ جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اس حوالے سے کہا " پیمرا کی جانب سے ٹی وی پر میرے راولپنڈی جلسے کی براہِ راست نشریات روکنےکے بعد امپورٹڈ حکومت نے میرے خطاب کے دوران یوٹیوب بند کردی۔ان حربوں سے ان عناصر میں پھیلی مایوسی جھلکتی ہے جو اپنے ذاتی مفادات کیلئےپاکستان کو سیاسی و معاشی انتشار کی دلدل میں دھکیلنے پر آمادہ و تیار ہیں۔"

انہوں نے مزید کہا  کہ "فاشسٹ امپورٹڈ حکومت" آج اس وقت پستی کی نئی  گہرائیوں کو چھو گئی جب اس نے میرے خطاب کے دوران عارضی طور پر یوٹیوب بند کی۔ یہ سب ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب حکومت کی طرف سے پہلے ہی صحافیوں پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے اور چینلز کو آف ایئر کیا جا رہا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ صرف آزادی اظہار رائے کی ہی خلاف ورزی نہیں ہے بلکہ اس سے ڈیجیٹل میڈیا انڈسٹری پر منفی اثرات مرتب ہوں گے اور کئی لوگوں کا روزگار متاثر ہوگا۔ انہیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ جو مرضی کرلیں ، یہ پاکستان کے عوام کی حقیقی آزادی کی خواہش کو دبا نہیں سکتے۔