لاہور چیمبر اورعلی باباڈاٹ کام کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

لاہور چیمبر اورعلی باباڈاٹ کام کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

  

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کاروباری معلومات کی فراہمی کے حوالے سے عالمی شہرت یافتہ ای کامرس گروپ علی باباڈاٹ کام کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد اپنے ممبران کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے اپنے کاروباروں کو وسعت دینے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر انجینئر سہیل لاشاری اور علی بابا ڈاٹ کام کی جانب سے سینئر ڈویلپمنٹ مینیجر گلوبل سپلائرز ڈویلپمنٹ ایرک سن (Eric Sin)نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر کاشف انور نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ مفاہمتی یادداشت نے لاہور چیمبر کے ممبران کو موقع فراہم کیا ہے کہ وہ علی بابا ڈاٹ کام پر اپنی مصنوعات کا مفت ای کیٹلاگ مرتب کرکے غیرملکی خریداروں کو متوجہ کرسکیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ اس مفاہمتی یادداشت کے ذریعے لاہور چیمبر نے اپنے ممبران کو ایک بہترین پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کیا ہے۔ اگر وہ اس موقع سے استفادہ کریں تو وہ بین الاقوامی مارکیٹ سے بہت فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علی بابا ڈاٹ کام پر دنیا کے 240ممالک کے 36ملین رجسٹرڈ صارفین ہیں۔ علی بابا ڈاٹ کام گلوبل سپلائرز ڈویلپمنٹ کے سینئر ڈویلپمنٹ مینیجر ایرک سن نے اپنے خطاب میں کہا کہ مستقبل ای کامرس کا ہے اور اُس دور میں وہی تاجر کامیاب ہونگے جو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کے ساتھ کام کرنا اُن کے لیے قابلِ مسرت ہے اور وہ کوشش کریں گے کہ لاہور چیمبر کے ممبران کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ علی بابا ڈاٹ کام کے ذریعے لاہور چیمبر کے ممبران گلوبل صارفین کی ضروریات سے آگاہ اور غیرملکی خریداروں سے موثر روابط قائم کرسکیں گے۔ دونوں اداروں نے معلومات کا باقاعدگی سے تبادلہ یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

مزید :

کامرس -