آئین پاکستان اقلیتوں کو مکمل تحفظ اور حقوق دیتا ہے،مذہبی منافرت پھیلانے والوں کا راستہ روکنا ہو گا:وزیراعظم محمد نواز شریف
قائداعظم محمد علی جناح نے بھی تمام مذاہب کے ماننے والوں کے لئے مساوی حقوق کا اعلان کیا تھا
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ آئین پاکستان اقلیتوں کو مکمل حقوق اور تحفظ دیتا ہے، مذہبی منافرت پھیلانے والوں کا راستہ روکنا ہو گا، حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات تمام دنیا کیلئے مشعل راہ ہیں ، ان کی دنیا میں تشریف آوری سلامتی کا پیغام ہے، تمام مذاہب امن وسلامتی اور محبت کا درس دیتے ہیں۔گورنر ہاو¿س لاہور میں کرسمس کا کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا آئین مذہبی بنیادوں پر کسی تفریق کی اجازت نہیں دیتا اور قائداعظم محمد علی جناح نے بھی تمام مذاہب کے ماننے والوں کے لئے مساوی حقوق کا اعلان کیاتھا۔انہوں نے کہا کہ بعض عناصر مذہب کو ذاتی مفادات کیلئے استعمال کر رہے ہیں،چند لوگ مذہب کی آڑ میں فساد برپا کرنا چاہتے ہیں ، ایسے حملہ آور مسجد ،مندر اور گرجا گھر میں کوئی فرق نہیں سمجھتے۔وزیر اعظم نے کہا کہ پشاور میں گرجا گھر پر حملہ کرنے والے اکثریت کے نمائندے نہیں ہیں۔دہشت گردی نے کسی ایک مذہب کو ہی متاثر نہیں کیا۔وزیر اعظم نے مسیحی برادری پر زور دیا کہ وہ پورے اعتماد کے ساتھ وزیر اعظم بزنس لون حاصل کریں اور ملکی ترقی میں کردار ادا کریں ، وزیر اعظم نے سختی سے واضح کیا کہ پاکستان میں صرف ظالم اور مظلوم کی تفریق ہے اور حکومت مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اکثریت اقلیتوں کی معترف اور قدردان ہے اور پاکستان کی ترقی میں اقلیتوں نے قابل فخر کردار ادا کیا ہے، حکومت نے اقلیتی بستیوں کے لئے 20 کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم نے بابا بلھے شاہ کا کلام بھی پڑھا۔