شو پلانیٹ پولو کپ،پہلے روزدودلچسپ میچوں کے فیصلے

شو پلانیٹ پولو کپ،پہلے روزدودلچسپ میچوں کے فیصلے

لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام شو پلانیٹ پولو کپ 2016ء کے پہلے روز دو دلچسپ میچز ہوئے۔ پہلے میچ میں زیڈ ٹی بی ایل نے ماسٹر پینٹس کی ٹیم کو جبکہ دوسرے میچ میں ڈالرایسٹ نے آرمی کولٹس کی ٹیم کو شکست سے دوچار کیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب میں ہائی گول سیزن کے پہلے بڑے ایونٹ کے پہلے روز تماشائیوں کی بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود تھی۔ اس موقع پر کلب کے صدر عرفان علی حیدر، ایگزیکٹو کمیٹی ممبراعظم حیات نون، ثاقب خان خاکوانی، دیگر ممبرز اور ان کی فیملیز بھی موجود تھیں۔ شو پلانیٹ پاکستان کپ کے پہلے میچ میں ماسٹر پینٹس او ر زیڈ ٹی بی ایل کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا۔ زیڈ ٹی بی ایل کی ٹیم اڑھائی گول ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج سے میچ جیت گئی۔زیڈ ٹی بی ایل کی طرف سے ثاقب خان خاکوانی نے دو جبکہ ممتاز عباس اور بلال حئی نے ایک ایک گول سکور کیا۔ دوسرے طرف ماسٹر پینٹس کی طرف سے حسام علی حیدر نے پانچ جبکہ احمد علی ٹوانہ نے ایک گول سکور کیا۔ شوپلانیٹ پاکستان کپ کے دوسرے میچ میں ڈالر ایسٹ نے زبردست مقابلے کے بعد آرمی کولٹس کو 4-2 سے ہرا دیا۔ میچ کا پہلا گول آرمی کولٹس کی طرف سے ہوا۔ مگر پھر ڈالر ایسٹ کے کپتان صوفی محمد عامر کے خوبصورت پاس پر اینڈرس کرسپو نے زبردست فیلڈ گول کرکے میچ برابر کردیا۔ اسی طرح ڈالر ایسٹ کی طرف اینڈرس کریسپو نے تین مزید گول سکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ آرمی کولٹس کی طرف سے ڈینیل ماریکلو ایڈمنڈی اور محمد عمیر غازی نے ایک ایک گول سکور کیا۔ میچ جیتنے کے بعد ڈالر ایسٹ کے کپتان صوفی محمد عامر کا کہنا تھا کہ ٹیم ردھم میں آرہی ہے اگلا میچ جیت کر پاکستان کپ کا فائنل کھیلیں گے۔ زیڈ ٹی بی ایل کے کپتان ثاقب خان خاکوانی کا کہنا تھا کہ مضبوط ٹیم کے خلاف میچ جیتا ہے۔ امید ہے کہ ٹیم اچھا پرفارم کرے گی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی