جنگلی علاقوں کی دیکھ بھال کیلئے تربیتی کورسز وقت کا تقاضہ ہیں،خالد عیاض

جنگلی علاقوں کی دیکھ بھال کیلئے تربیتی کورسز وقت کا تقاضہ ہیں،خالد عیاض

لاہور(نمائندہ خصوصی)ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالدعیاض خان نے کہا ہے کہ جنگلی حیات کیلئے محفوظ قرار دےئے گئے علاقوں کی دیکھ بھال کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور ان کے انتظام وانصرام میں جدید تقاضوں کے مطابق تبدیلیاں لانے کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ تربیتی کورسز کاانعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ افسران کی جدید خطوط پر تربیت نہ صرف ان کی اہلیت بلکہ استعدادکارمیں اضافے کاباعث بنتی ہے ۔انہوں نے یہ بات یہاں گٹ والامیں جنگلی حیات کے لئے محفوظ قرار دیئے گئے علاقوں بارے منصوبہ بندی کے حوالے سے منعقدہ 15روزہ تربیتی کورس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر جنگلی حیات ہیڈ کوارٹرز محمد نعیم بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر جنگلی حیات ٹریننگ اکیڈمی ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرجنگلی حیات سپیشل انسپکشن عبدالشکورمنج کے علاوہ دیگر افسران اور معززین علاقہ بھی موجود تھے۔ڈی جی جنگلی حیات نے کورس کے شرکاء پر زور دیاکہ وہ کورس کے دوران مینجمنٹ کے بارے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلی حیات افسران کی ترقی کو تربیتی کورسز میں شرکت اور دوران کورس ان کی کارکردگی سے مشروط کرنے کے غور کررہا ہے تاکہ صرف اہل اورقابل افسران کوہی آگے لایا جا سکے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1