کرسمس اور نیو ایئر نائٹ کے موقع پر عبادت گاہوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کا فیصلہ

کرسمس اور نیو ایئر نائٹ کے موقع پر عبادت گاہوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کا ...

لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب 24اور 25 دسمبر کو کرسمس تہوار جبکہ 31 دسمبر2016ء اور یکم جنوری2017ء کی درمیانی رات نیو ائیر نائٹ کے موقع پر دعائیہ تقریبات کے موقع پرکسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے محفوظ رہنے کے لئے صوبہ بھرکے تمام چرچز اور عبادت گاہوں کی سکیورٹی یقینی بنائے گی۔اس حوالے سے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سے پنجاب بھر کے تمام ریجنل پولیس افسران،سی پی اوز،ڈی پی اوز اور کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے خلیل طاہر سندھو کے کہا کہ گذشتہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے حکومت پنجاب نے مسیحی برادری کی کرسمس کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کیلئے صوبہ بھر کے مستحق اور نادار مسیحی گھرانوں کے لئے 30کروڑ روپے کے فنڈز کی بھی منظوری دے دی ہے۔جس کے تحت 5ہزار روپے فی گھرانہ کرسمس گرانٹ پنجاب کے تمام اضلاع میں متعلقہ ڈی سی اوز کے ذریعے مسیحی برادری میں تقسیم کر دی جائے گی۔خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ تمام مسیحی سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی آج (20دسمبر)سے شروع کر دی جائے گی جبکہ 22دسمبر سے صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں مختلف مقامات پر کرسمس بازاروں کا بھی انعقادعمل میں لایا جا رہا ہے جہاں وافر مقدار میں اشیاء ضروریہ ارزاں نرخوں پر مسیحی برادری کو فروخت کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کرسمس کے موقع پر مسیحی برادی کو ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1