ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹیوں کو ماہانہ 2،2اجلاس یقینی بنانے کی ہدایت

ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹیوں کو ماہانہ 2،2اجلاس یقینی بنانے کی ہدایت

لاہور(خبر نگار)کمشنراوورسیزپاکستانیزکمیشن (اوپی سی)پنجاب افضال بھٹی نے ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹیوں کے چیئرپرسنز کو ہدایت کی ہے کہ سمندر پارمقیم پاکستانیوں کے مسا ئل کے فوری حل کیلئے ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیزکمیٹیوں کے ماہانہ بنیادوں پر دو اجلاسوں کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔ منتخب اضلاع کی ڈسڑکٹ اوورسیز کمیٹیوں کے چیئرپرسنز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کمیٹیو ں کی کارکردگی کی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیامیں تشہیریقینی بنائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ اوورسیز پاکستانی ان کمیٹیوں کے طریقہ کار سے آگاہ ہوسکیں ۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ کمیٹی کے اجلاسوں کی کارروائی کو باقاعدگی سے ویب پورٹل پر اپ لوڈ کیا جائے تاکہ اوورسیز پاکستانیوں کو ان کے کیسوں پر ہونے والی پیشرفت سے مکمل آگاہ رکھاجاسکے۔ افضال بھٹی نے کہا کہ معیشت کی مضبوطی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا خصوصی کردار ہے اور وہ ہمارے ملک کے ایسے سفیر ہیں جنہوں نے اپنی محنت سے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ او پی سی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے جلد از جلد حل کیلئے ایک جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے اور اس ضمن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کاموثر اور بھر پور استعمال کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کمپلینٹ ویب پورٹل کے ذریعے اوورسیز پاکستانیوں کی وصول ہونے والی شکایات پر ہونے والی کا رروائی کی الیکٹرانک مانیٹرنگ کی جاتی ہے تا کہ ان شکایات کا جلد از جلد ازالہ یقینی بنایا جاسکے۔ کمشنر او پی سی نے اس موقع پر اوورسیز پاکستانیوں کی بعض شکایات کے حل کیلئے ہدایات بھی جاری کیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1