بندر گاہ سویز کے قریب پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے انتظامات مکمل کر لئے ، دفتر خارجہ

بندر گاہ سویز کے قریب پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے انتظامات مکمل کر لئے ، ...

اسلام آباد (آئی این پی ) ترجمان دفتر خارجہ نے کہاہے کہ بحیرہ احمر میں بندرگاہ سویز کے قریب اٹھارہ پاکستانی ایم وی اکاز نامی بحری جہاز پر پھنسے ہوئے ہیں جن کی وطن واپسی کے حوالے سے تمام انتظامت مکمل کر لئے گئے ہیں تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ ان پاکستانیوں نے خود کرنا ہے جو کہ فی الوقت اپنے واجبات کی ادائیگیوں کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔ منگل کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کپتان سمیت یہ اٹھارہ پاکستانی بحیرہ احمر میں بندرگاہ سویز کے قریب ایم وی اکاز نامی جہاز پھنسے ہوئے ہیں جو کہ ایک کویتی کمپنی کی ملکیت ہے، اس بحری جہاز کو نیدر لینڈز کی ایک فرم نے چارٹر کیا تھا۔ رواں برس 11 اگست کو ابوظہبی سے اپنے سفر کاآغاز کرنے والے اس بحری جہاز کو پورٹ سعید، الیگزینڈریا، اور نیدرلینڈز کی ایک بندرگاہ جانا تھا، یہ جہاز13 اکتوبر کو سویز کے پانیوں میں داخل ہوا تاہم اس کو فنی خرابی ا ور تکنیکی لائسنس کی عدم تجدید کے باعث نہر سویز میں داخلے کی اجازت نہ دی گئی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قاہرہ میں پاکستانی سفارت خانہ جہاز کے کپتان سے مکمل رابطے میں ہے اورپاکستانی سفارت خانے کے ایک افسر نے جہاز کا دورہ کیا اور عملے کی حالت کا معائنہ کیا ہے فی الوقت تکنیکی امداد کے انتظار اور جہاز کے مالکان کی جانب سے مرمتی کاموں میں پاکستانی عملہ اپنے واجبات کی وصولیوں کے سلسلے میں مختلف آپشنز پر غور کر رہا ہے جبکہ قاہرہ میں پاکستانی سفارت خانہ عملے کو قونصلر اور لا جسٹک امداد فراہم کر رہا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی سفارت خانے نے ان کی وطن واپسی کے لئے تمام متعلقہ انتظامات کر لئے ہیں لیکن اس حوالے سے حتمہ فیصلہ بحری جہاز کے عملے اور کپتان نے کرنا ہے جو کہ واجبات کے وصولیوں کے لئے بھی غور و خوص کر رہے ہیں

دفتر خارجہ

مزید : علاقائی