فرانسیسی عدالت نے غفلت برتنے پر آئی ایم ایف سربراہ کومجرم قراردے دیا
نیویارک(این این آئی)انٹرنیشنل مانیڑی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اپنا ایک ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ۔ قبل ازیں فرانس کی ایک عدالت نے اس ادارے کی خاتون سربراہ کرسٹین لاگارڈ کو مجرمانہ غفلت برتنے کے الزام میں قصووار قرار دے دیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے ایک ترجمان گیری رائس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرانس میں قانونی کارروائیوں سے متعلق پیش رفت کے بارے میں غور کرنے کے لیے پہلے بھی ایگزیکٹو بورڈ ملاقاتیں کرتا رہا ہے لیکن اس تازہ پیش رفت کے بعد بورڈ دوبارہ بہت ہی جلد ایک اجلاس کا انعقاد کرنے والا ہے۔ آئی ایم ایف کے اس اعلان سے پہلے فرانس کی ایک عدالت نے عالمی مالیاتی ادارے کی سربراہ کرسٹین لاگارڈ کو فرانس کی وزیر خزانہ کی حیثیت سے ایک تاجر کو بے تحاشا سرکاری رقوم کی ادائیگی میں مجرمانہ غفلت برتنے کا ذمہ دار قرار دے دیا ۔ تاہم انہیں کوئی سزا نہیں سنائی گئی۔ انہوں نے اس مقدمے کی کارروائی کے دوران خود کو بے قصور قرار دیا ۔ وکیل صفائی نے کہا کہ وہ اس عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔ یہ عدالتی حکم لاگارڈ کے لیے کسی دھچکے سے کم نہیں کیوں کہ ان کو کافی عرصے سے مستقبل کی ممکنہ فرانسیسی صدر کی حیثیت سے پیش کیا جاتا رہا ہے۔